سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں واگذار کروائی گئی سرکاری زمین پر پرائیویٹ سوسائٹی کی ایک مرتبہ پھر سے قبضہ کرنے کی کوشش

وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا

بدھ 21 اگست 2019 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) اسلام آباد میں بوٹینیکل گارڈن کی زمین پر نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پرقبضے کی کوشش پر وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا۔ معاملے کی انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں واگذار کروائی گئی سرکاری زمین پر پرائیویٹ سوسائٹی نے ایک مرتبہ پھر سے قبضہ کرنے کی کوشش شروع کر دی ۔

2017 ء میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے بنی گالا میں بوٹینیکل گارڈن اور چڑیاگھر کی زمیں واگذار کروانے کے حوالے سے حکومت پاکستان کو احکامات جاری کئے تھے۔ زمین پر پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں قبضہ واگذار کروایا گیا اور زمین کو متعلقہ اداروں کے سپرد کیا گیا۔ گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی نے سرکاری زمین پر تعمیر دیوار کو گرا کر قبضہ کی کوشش کی۔

سوسائٹی کی جانب سے سی ڈی اے کی زمین پر غیر قانونی سڑک کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی۔ دریں اثناء سوسائٹی کی جانب سے بوٹینیکل گارڈن اور چڑیاگھر کے ملازمین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں اور انہیں زدو کوب کیا گیا۔ بوٹینیکل گارڈن کی زمین پر موجود چوکیوں کو قبضہ مافیا کے کارندوں نے گرا دیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے معاملے پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔ معاملے کی انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ 725 ایکٹر پر محیط بوٹینیکل گارڈن کی زمین پر تجاوزات اور قبضے کی کوشش پر سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لے رکھا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں