ننھی بچی اقرائ کے بہیمانہ قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی، امیر حیدر خان ہوتی

بدھ 21 اگست 2019 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ ننھی بچی اقرائ کے بہیمانہ قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں گزشتہ دنوں درندگی کے بعد قتل کی جانے والی معصوم اقراء کے والد سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کے مسائل اور روایتی انداز تفتیش کی وجہ سے اس روح فرسا واقعہ کا منطقی انجام حصول انصاف کا منتظر ہے، جے آئی ٹی بنا دی گئی کئی افراد کو حراست میں لیا گیا لیکن تاحال نتیجہ صفر ہے۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ بچیوں کے ساتھ درندگی اور قتل کے پے در پے واقعات نے معاشرے کی بے حسی ظاہر کر دی ہے، یہ دہشت گردی کی نئی شکل ہے جو کچھ عرصہ وقفہ کے بعد پھر سے شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی متاثرہ خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں کسی طور تنہاء نہیں چھوڑے گی، امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے تاکہ ہماری آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں