پاکستان میں کشمیر کاز کے لئے اتحاد کی سخت ضرورت ہے،

اگر ہم اس نازک موقع پر بھی سیاسی اختلافات کو ترجیح دیں گے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی،ندیم افضل چن

جمعرات 22 اگست 2019 13:49

پاکستان میں کشمیر کاز کے لئے اتحاد کی سخت ضرورت ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی و ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پاکستان میں کشمیر کاز کے لئے اتحاد کی سخت ضرورت ہے اس نازک موقع پر بھی اگر ہم اپنے سیاسی اختلافات کو ترجیح دیں گے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی،قائداعظم محمد علی جناح کے دو قومی نظریئے کی مخالفت کرنے والے آج سوچنے پر مجبور ہیں۔

جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ بھارت میں مودی پر لبرل لوگ اب تنقید کررہے ہیں حالانکہ مودی کا بھیانک چہرہ بہت عرصہ پہلے عیاں ہو چکا تھا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے جو رویہ اختیار کیا گیا وہ ان حالات میں انتہائی نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی ہمارے لئے زندگی موت کا مسئلہ بنتا جارہا ہے کیونکہ بھارتی حکومت نے کشمیری مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کرتے ہوئے عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی انہیں اپنا مذہبی فریضہ ادا کرنے نہیں دیا یہاں تک کہ کشمیری مسلمان عید کی نماز کی ادائیگی کے لئے مساجد تک نہیں جاسکے اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے محروم رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات نے یہ ثابت کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جس دو قومی نظریہ کی بنیاد پر الگ وطن حاصل کیا تھا اس وقت ان کا یہ فیصلہ مسلمانوں کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوا جن لوگوں نے اس وقت قائداعظم محمد علی جناح کے اس نظریہ کی مخالفت کی تھی آج وہ سوچنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے موجودہ حکومت ہر محاذ پر سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے رویہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی خاطر تمام اپوزیشن جماعتوں کو اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر فیصلے کرنا ہوں گے اور اس انتہائی حساس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا وگرنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں