سوات ایکسپریس وے کے انتظامی امور این ایچ اے کے حوالے،

روڈ سیفٹی اور سفری سہولیات کی نگرانی موٹر وے پولیس کرے گی

جمعرات 22 اگست 2019 13:55

سوات ایکسپریس وے کے انتظامی امور این ایچ اے کے حوالے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) موجودہ حکومت نے سیاحت کے فروغ اور مسافروں کی سہولت کے لئے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے، وفاقی حکومت اورخیبر پختونخوا حکومت نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت صوبائی حکومت کی تیار کردہ سوات ایکسپریس وے کے انتظامی امور این ایچ اے کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے کے تحت سوات ایکسپریس وے پر روڈ سیفٹی اور سفری سہولیات کی نگرانی موٹر وے پولیس کرے گی۔ موبائل ایپ سمیت این ایچ اے کی تمام سہولیات سوات ایکسپریس وے پر دستیاب ہوں گی۔ وزیر اعلی خیبر پختون خواہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ سوات کالام جانے والے سیاحوں کی سہولت کے پیش نظرکیا گیاہے، سوات موٹروے کو توسیع دے کر ٹورسٹ زون بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ملکی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا واحد صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے موٹروے مکمل کی ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات جاری ہیں، حالیہ حکومتی اقدامات کے بعد لاکھوں سیاح سوات کی جانب رخ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کے تحفظ کے لئے صوبائی حکومت اور موٹروے پولیس کے درمیان معاہدہ کیا گیا ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ وزارت مواصلات سوات ایکسپریس وے کو ٹیک اوور کرے گی، مسافر سوات ایکسپریس وے پر این ایچ اے کی موبائل ایپ استعمال کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی صورت حال، سیاحتی مقامات کی پیشگی اطلاع مل سکے گیاور دیگر معلومات مسافروں کو بر وقت فراہم کی جاسکیں گی۔ مراد سعید نے کہا کہ سوات موٹروے کو کالام تک توسیع دینے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں