احتساب سب کا ہونا چاہیے، یہ عمل 1947ء سے شروع کیا جائے، اپنے خاندان کو سب سے پہلے احتساب کے لئے پیش کرتا ہوں ،رکن قومی اسمبلی نور عالم خان

پیر 16 ستمبر 2019 22:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ کو ایوان میں آکر ملک میں مہنگائی کی وجوہات سے آگاہ کرنا چاہیے‘ یوریا کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے‘ بجلی اور گیس مہنگی کی گئی ہے‘ روٹی کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، ہم یہاں پر غریب کی آواز اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر نور عالم خان نے کہا کہ ہم اس ایوان میں اگلی بنچوں پر بیٹھے ارکان کو سننے نہیں آئے۔ اس ایوان میں غریب کی بات ہونی چاہئے۔ ہم یہاں غریبوں کے ووٹ سے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ آکر بتائیں کہ ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ تو نہیں ہو رہا اور آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے صنعتکاروں سمیت ہر ایک کا احتساب ہونا چاہیے۔ یہ عمل 1947ء سے شروع کیا جائے، وہ اپنے خاندان کو سب سے پہلے احتساب کے لئے پیش کرتے ہیں تاہم احتساب سب کا ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں