پاک سعودی تعلقات اخوت ، محبت اور ایمان کے رشتے پر قائم ہیں، دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط چٹان کی مانند ہے، سعودی سفارتخانہ

بدھ 18 ستمبر 2019 23:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) سعودی سفارت خانے کے میڈیا سیکشن کے انچارج علی خالد الدوسری نے کہا ہے کہ پاک سعودی تعلقات اخوت ، محبت اور ایمان کے رشتے پر قائم ہیں۔ دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط چٹان کی مانند ہے۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی سربراہی میں پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے وہ اپنا بھرپور کردارادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف صحافتی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مضبوط ، گہرے اور تاریخی حیثیت کے حامل ہیں۔ پاک سعودی تعلقات کی مضبوطی مسلم امہ کے بہتر مستقبل کی ضامن ہے۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ اورتاریخی رشتوں کو مزید پروان چڑھانے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

علی خالد الدوسری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام اسلامی اخوت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ جس طرح پاکستانی عوام سعودی عرب کو اپنا دینی مرکز سمجھتے ہوئے خاص لگا? ، محبت اور عقیدت رکھتے ہیں، اسی طرح سعودی عوام بھی پاکستان سے دل و جان سے محبت کرتے اور اسے مضبوط و مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں مختلف ملکوں میں رہا ہوں لیکن پاکستان کے لوگوں کو میں نے سب سے زیادہ ملنسار، خوش گفتار اور محبت کرنے والا پایا ہے۔

جس طرح یہ ملک خوبصورت ہے اسی طرح یہاں کے لوگ بھی بہت محبت کرنے والے ہیں۔ اس پر مجھے بہت زیادہ خوشی ہے اور پاکستان میں رہ کر کام کرنا میں اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتا ہوں۔ صحافتی شخصیات کی جانب سے علی خالد الدوسری کے اہل پاکستان سے محبت کے جذبہ اور ملنساری کی تعریف کی گئی اور کہا گیا کہ جس طرح وہ میڈیا سیل میں متحرک انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اس سے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات میں ان شاء اللہ اور زیادہ استحکام آئے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں