رکن قومی اسمبلی سیّد خورشید شاہ کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی کا شدید ردعمل کا اظہار

بدھ 18 ستمبر 2019 23:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی سیّد خورشید شاہ کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیب پیپلز پارٹی کو اس طرح کی گرفتاریوں سے ڈرا نہیں سکتا، خورشید شاہ ایک صاف و شفاف اور اصول پسند سیاستدان اور پیپلز پارٹی کے رہنما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خورشید شاہ کی گرفتاری پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ پیپلز پارٹی کی سینئر نائب صدر شیری رحمن نے کہا کہ خورشید شاہ کو بطور رکن اسمبلی سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر گرفتار کرنا غیر قانونی ہے، پیپلز پارٹی اس طرح کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتی ہے، نیب صرف اور صرف پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو ہی گرفتار کر رہا ہے، پیپلز پارٹی اس طرح کے حربوں سے کبھی دبائو میں آئی ہے نہ آئے گی۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سیّد نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دبائو میں لانے کیلئے خورشید شاہ کی گرفتاری نامناسب حربہ ہے، نیب قانون کو پیپلز پارٹی کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پیپلز پارٹی کو بھی گرفتار کر لیا جائے پھر بھی جینا مرنا عوام کے ساتھ رہے گا، پیپلز پارٹی گرفتاریوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں، بدترین آمریتوں کا مقابلہ کیا ہے، اب بھی ثابت قدم رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران سیّد خورشید شاہ کی گرفتاری قبل مذمت عمل ہے ۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سیّد مراد علی شاہ نے کہا کہ خورشید شاہ نے کبھی قانون سے بغاوت نہیں کی، انہیں گرفتار کرکے کیا تاثر دیا جا رہا ہے، خورشید شاہ نہ تو ملک سے فرار ہو رہے تھے نہ کبھی انہوں نے کسی انکوائری میں شامل ہونے سے انکار کیا، پھر بھی انہیں گرفتار کرکے ہمیں دیوار سے لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، پیپلز پارٹی کے مخالفین کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں