مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی ابتر ہے، بلال صدیقی

بدھ 18 ستمبر 2019 23:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں صورتحال انتہائی ابتر ہے اور لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ بلال احمد صدیقی نے کشمیر میڈیاسروس کے ساتھ ایک خصوصی انٹریو میں کہا کہ بھارتی حکام کی طرف سے پانچ اگست سے نافذ سخت پابندیوں کے باعث کشمیریوںکو شدید مشکلات کا سامناہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ عدم تحفظ کے باعث اپنے گھروں سے باہر آنے سے خوفزدہ ہیں کیونکہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ واپس گھروں کو لوٹ سکیں گے یا نہیں ۔ بلال صدیقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوںنے 2008، 2010اور 2016میں طویل احتجاجی تحریکیں چلائیں تاہم اب انہیں اپنے جذبات اورغم و غصے کا اظہار کرنے کیلئے بڑے بڑے مظاہروں کی اجازت نہیں دی جا رہی اور جب کہیں انہیں اکھٹے ہونے کا موقع ملتا ہے تو انہیں پیلٹ مار دیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر لوگوں کی پکڑ دھکڑ، ذرائع مواصلات کی معطلی اور حریت قیادت کی نظر بندی کے باعث بھی لوگ بڑے بڑے مظاہرے کرنے سے قاصر ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے مقبوضہ کشمیر کے لوگو ں کے مصائب و مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستان کے کردار کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات فوجی حملے سے کم نہیں ہے لہذا پاکستان کو کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں