انتظامی اداروں اور صفائی سے متعلقہ ٹھیکیداروں کے مابین مذاکرات کامیاب، صفائی کے باقاعدہ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات 19 ستمبر 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمدکی ہدایت پر صفائی کی صورتحال پر انتظامی اداروں اور صفائی سے متعلقہ ٹھیکیداروں کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد جمعرات کو صفائی عملہ نے شہر سے کوڑا اکٹھا کرنا شروع کر دیا، رات گئے آئی الیون منڈی سے 30 ٹرالیاں کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا۔ مذاکرات میں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ سے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد، ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن، چیف میونسپلٹی آفیسر، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، ڈائریکٹر سینی ٹیشن، سی ڈی اے کے عہدیداران سمیت صفائی کے متعلقہ کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔

مذاکرات میں فنڈز کی فراہمی سے متعلق کنٹریکٹرز کے تحفظات کو دور کیا گیا اور یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ کنٹریکٹرز کو میونسپل کارپوریشن اور سی ڈی اے کی جانب سے جائز فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ضلعی انتظامیہ مجسٹریٹ کے ذریعے گندگی پھیلانے والوں کے خلاف جرمانے کی مد میں حاصل ہونے والی رقوم سے معاونت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے بعد شہر کی صفائی سے متعلقہ کنٹریکٹرز اور عملے نے بدھ کی شام سے ہی صفائی کے عمل کا زور و شور سے آغاز کردیا تھا تاہم علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی کے باقاعدہ آپریشن کا آغاز کر دیا گیاہے۔

واضح رہے سینی ٹیشن عملہ کی ہڑتال کی وجہ سے گزشتہ کئی روز سے کوڑا کرکٹ گلی محلوں میں تعفن کا باعث بننے لگا تھا جبکہ بعض غیر ذمہ دار شہریوں نے گھروں میں جمع ہونے والے کوڑے کو کھلے مقامات اور گرین بیلٹوں پر الٹنا شروع کر دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں