نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ اورحکومت پنجاب کے مابین سیلاب سے بچائو کیلئے معاہدہ

جمعرات 19 ستمبر 2019 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ اورحکومت پنجاب کے مابین سیلاب سے بچائو کیلئے معاہدہ۔جمعرات کو پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے بچائو کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ(NDRMF)اور حکومت پنجاب کے مابین4منصوبوں پر دستخط کئے گئے جن کا تخمینہ لاگت 1259.466ملین روپے ہے ۔ اس سہہ فریقی مفاہمتی معاہدے پر NDRMF کی جانب سے جناب خرم خالق خان جبکہ محکمہ آبپاشی حکومت پنجاب کے طرف سے چیف انجینئیرنکاسی وسیلاب جناب غلام رسول اور محکمہ منصوبہ بندی وترقی حکومت پنجاب کے ممبر جناب محمد عابد بودلانے دستخط کئے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسرNDRMF جناب لیفٹیننٹ جنرل (ر)ندیم احمد اور سیکرٹری محکمہ آبپاشی ، حکومت پنجاب جناب کیپٹن (ر)سیف انجم بھی ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

منصوبوں کو سیلاب سے روک تھام اور بچائو کے مختلف پہلوئوں کے تحت بروئے کار لایا جا ئے گا۔ NDRMFکی فنڈنگ پالیسی کے مطابق منصوبوں کی کل لاگت کا 70فیصدجو کہ 881.626ملین روپے ہیNDRMFکی طرف سے حکومت پنجاب کو دیئے جائینگے جبکہ بقیہ 30فیصدحکومت پنجاب فراہم کرے گی جس کی مالیت372.840ملین روپے ہے۔

ان منصوبوں کی تکمیلی وتعمیراتی مدت 19سے 23مہینے ہوگی جس کے تحت سیلاب سے بچائو کے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، جن میں ڈیک نالہ، بین نالہ، حاجی پور گجراں، اور جلالہ کے لئے حفاظتی بند ،پشتے، سیلابی ٹھوکر اور دیگر حفاظتی ڈھانچوں کی تعمیر شامل ہے۔یہ منصوبے تقریباً121,000لوگوں اور 25,000ایکڑ زرعی اراضی کے سیلاب سے بچائو کا سبب بنیں گے۔

اس سے پہلے بھیNDRMFقدرتی آفات کے خطرات سے بچائو کی مد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی، اسلامک ریلیف پاکستان،آغا خان فائونڈیشن اور آغاخان پلیننگ اینڈ بلڈنگ سروسزکو مالی امداد فراہم کرچکا ہے۔ NDRMFمیرٹ کی بنیاد پر فنڈ امپلیمنٹنگ پارٹنرز کاانتخاب کرتا ہے اورمنصوبوں کی نگرانی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ مقامی لوگوں کو قدرتی آفات سے بہتر تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں