اسلام آباد انتظامیہ صحت فائونڈیشن کے تعاون سے کل گائوں جنڈیالہ میں مفت ڈینگی آگاہی میڈیکل کیمپ منعقد کرے گی

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ (کل) ہفتہ 21 ستمبر کو صحت فائونڈیشن کے تعاون سے سہالہ کے نواحی گائوں جنڈیالہ میں مفت ڈینگی آگاہی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرے گی۔ جس کا مقصد ڈینگی بخار سے تحفظ اور بچائو سے عام لوگوں کو آگاہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق گو کہ سہالہ اور اس کے قرب و جوار میں ڈینگی کی بڑی شکایت نہیں ہے لیکن عوامی آگاہی کے لئے یہ پروگرام کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو اس خوف سے بھی نجات دلائی جائے اور اس دوران ڈینگی کی شکایت کرنے والے افراد کو چیک اپ کے بعد مفت ادویات اور دیگر حفاظتی اشیاء مفت فراہم کی جائیں گی۔

ترجمان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے دائیں بائیں نظر رکھیں خصوصاً سکولوں اور زیر تعمیر عمارتوں پر توجہ دی جائے اور پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق وہ قومی وزارت صحت کے تعاون سے وفاقی علاقے میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں