بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے مثالی انتظامات کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،

وزیر اعظم عمران خان بہت جلد ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کاننکانہ صاحب شہر میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 21 ستمبر 2019 19:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے مثالی انتظامات کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، سابقہ ادوار حکومتوں میں ہو نے والی کرپشن کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، عالمی اہمیت کے حامل ننکانہ صاحب شہر کی خوبصورتی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے، وزیر اعظم عمران خان بہت جلد ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے، ملک میں قانون کی بالادستی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق وہ ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن تقریبات کے انتظامات اور ننکانہ صاحب شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل اور مثالی مذہبی آزادی حاصل ہے،حکومت اقلیتی برادری کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک کو تمام مذاہب میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اس لئے ان کا 550 واں جنم دن شایان و شان طریقے سے منایا جا ئے گا اور وزیر اعظم کی ہدائیت پر دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار حکومتوں میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی گئی جس کی وجہ سے آج ملک مسائل سے دوچار ہے، ملک اس وقت نازک حالات سے گزر رہا ہے،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے ہر ایک کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر راجا منصور احمد نے وفاقی وزیر داخلہ کو بابا گورونانک کے 550 ویں جنم تقریبات اور شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے بریفنگ دی،وفاقی وزیر نے تمام ترقیاتی منصوبوں کو بابا گورونانک کے نومبر میں ہو نے والے جنم دن تقریبات سے قبل مکمل کرنے اور ان میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدائیت کی،،وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے غلہ منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا،۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں