ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا عالمی یوم امن کے موقع پر بیان

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:37

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا عالمی یوم امن کے موقع پر بیان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ دنیا میں بسنے والے تمام افراد اللہ کی مخلوق اور آدم کی اولاد ہیں، اور آپس میں بھائی چارے کا رشتہ ہے اور اس رشتے کا تقاضا یہ ہے کہ بھائی بھائی کو قتل نہ کرے اور نہ ہی کوئی اور نقصان پہنچائے۔عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے بیان میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 21ستمبر کو ’’انٹر نیشنل پیس ڈے‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اس دن کا بنیادی مقصد یہ ہوتا ہے کہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ ایک دوسرے کی جغرافیائی سرحدوں کا احترام کیا جائے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کے دن جب دنیا امن کا عالمی دن منا رہی ہے تو دنیا بھر میں بدترین مسلم کشی کی جا رہی ہے اور اسے اتفاق قرار نہیں دیا جا سکتا کہ اس وقت پوری دنیا میں صرف مسلمانوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صومالیہ، برما، فلسطین، افغانستان، عراق، کشمیر، بھارت وغیرہ مسلمانوں کی بد ترین قتل گاہیں بن چکی ہیں۔ دن رات بلا تخصیص عورتوں، بوڑھوں، بچوں اور جوانوں کوبلا جواز اور بلا اشتعال قتل کیا جا رہا ہے۔ خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دنیا میں امن کی حمایت کرتے ہیں۔ عالمی امن کے فروغ اور استحکام کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ خطہ میں امن کے لیئے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے انصاف ضروری ہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کے شکار ہیں۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ شدت پسندی کے خاتمے سے ہی امن ہوگا۔ عالمی دنیا کا امن کے لیئے ایک پیج پر آنا ضروری ہے۔دہشتگردی، شدت پسندی اور عدم برداشت سے امن کو خطرہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ امن کے مسئلے پر لوگوں کو آگاہی دی جانی چاہیے ملکی سرحدوں کے اندر اور سرحدوں کے باہر نسلی اور مذہبی امتیاز کے بغیر امن قائم نہیں کیا جا سکتا ہے۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ جنگوں نے مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔ اقوامِ عالم میں حقیقی امن اور ہم آہنگی پیدا کرنی چاہیے۔ آج کے دن سیمیناروں اور دیگر ذرائع سے عوام میں امن کو فروغ دینے کیلئے کام کرنا چاہیے اور اجتماعی طور پر جنگوں کے خاتمے اور امن کے ساتھ رہنے کا عزم کرنا چاہیے تاکہ انسانیت مضبوط ہو۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہا کہ آج کے دن اقوامِ عالم یہ عزم کریں کسی بھی ملک کی سلامتی، خود مختاری، آزادی اور تشخص کو نہ روندا جائے۔

کسی بھی ملک کے باسیوں، ان کے مذاہب، تمدن اور رسومات کو برداشت کرتے ہوئے مداخلت نہ کی جائے، اور ان کو اپنے عقیدے، نظریات اور روایات کے ساتھ اپنی سرحد کے اندر پرامن زند گی بسر کرنے کا حق حاصل رہے۔ اس پر عمل درآمد کرنے سے ہی دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں