پاکستان تحریک انصاف کی تنظیمی ڈھانچے کی تحلیل سے متعلق اطلاعات کی تردید

میڈیا غیر مصدقہ اور حقائق کے منافی خبروں کی تشہیر سے گریز کرے، احمد جواد

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف نے تنظیمی ڈھانچے کی تحلیل سے متعلق اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کارکنان کو تحریک انصاف کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ مصدقہ اطلاعات پر انحصار کی تلقین کی ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے تحریک انصاف کے تنظیمی ڈھانچے کو تحلیل کرنے کے حوالے سے اطلاعات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جماعتی آئین کی روشنی میں ملک گیر تنظیموں کا اعلان کر چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر آئینی سکیم پر نظر ثانی کا کوئی منصوبہ فی الوقت زیر غور نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کیلئے محض ریجنز کی تشکیل پر اصولی اتفاق ہوا ہے اور اس سلسلے میں مرکزی مجلس عاملہ سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی سطح کے تنظیمی ڈھانچے کو تحلیل کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا چنانچہ ہر سطح کا تنظیمی ڈھانچہ بدستور موجود اور فعال ہے۔ احمد جواد نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ کسی بھی فیصلے کی صورت میں باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا غیر مصدقہ اور حقائق کے منافی خبروں کی تشہیر سے گریز کرے کیونکہ بلاتصدیق اطلاعات کی ترویج و اشاعت پیشہ وارانہ بددیانتی اور غیر قانونی اقدام ہے۔ کارکنان کے نام پیغام میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کا کہنا تھا کہ کارکنان غیر مصدقہ اطلاعات پر کان دھرنے کی بجائے تحریک انصاف شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری کی جانے والی خبروں پر ہی انحصار کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں