کشمیر ،فلسطین کی آزادی اور حرمین الشریفین کے دفاع کا واحد حل امت کا اتحاد ہے، مولانا حامد الحق حقانی

پیر 23 ستمبر 2019 23:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی امیر مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ وحدت امت کے لئے مولانا سمیع الحق کی کوششیں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، کشمیر ،فلسطین کی آزادی اور حرمین الشریفین کے دفاع کا واحد حل امت کا اتحاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ سعودی عرب کی اہم تنصیبات پر حملہ ایک بہت بڑی سازش کا حصہ ہے، مسلمانوں کی وحدت اور اجتماعیت کو دیدہ دانستہ طورپر نشانہ بنانا مسلمانوں کے لئے ایک خطرناک پیغام کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پر ہندوستان کا ظلم و بربریت اوردوسری طرف اقوام عالم کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے ،ہم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور افواج پاکستان اجازت دے توپاکستانی قوم بالخصوص قبائل کشمیر کی آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں