تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کی طرح ڈینگی سمیت دیگر وبائوں سے عوام کو محفوظ بنائے گی، احمد جواد

پیر 23 ستمبر 2019 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کی طرح ڈینگی سمیت دیگر وبائوں سے عوام کو محفوظ بنائے گی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو حکومت سے نکل جانے کے بعد ملک میں صحت کی سہولیات کا خیال آیا، اقتدار میں ہوتے ہوئے (ن) لیگ کو اپنی جیبیں بھرنے اور ٹی ٹیز کا کھیل کھیلنے کی بجائے صحت پر سرمایہ کاری کا خیال سوجھتا تو یہ حالات پیدا نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ اشتہاروں میں اپنی شکلوں کی نمائش پر اربوں ضائع کرنے کی بجائے (ن) لیگ کے پاس مکمل اختیار موجود تھا کہ وہ ملک بھر خصوصاً مرکز اور پنجاب میں صحت کی سہولیات میں بہتری لانے کیلئے وسائل صرف کرتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت انتظامی ڈھانچہ خصوصاً ہیلتھ انفراسٹرکچر تباہ کیا، ان کے مطابق مرکزی اور صوبائی سطح پر ڈینگی جیسی آفت سے نمٹنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں تاہم عوام کی صحت یقینی بنانے کیلئے مؤثر انتظامی ڈھانچہ درکار ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے زور دے کر کہا کہ تباہ حال ڈھانچہ کے ساتھ بھی اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں ڈینگی کے خلاف کامیابیاں مل رہی ہیں، مریم بی بی اطمینان رکھیں عوام ان کی حکومتوں کی کارکردگی سے خوب واقف ہے چنانچہ ان کے الزامات کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں