لائف لائن ری ہیبلیٹیشن سنٹر کے خلاف نجی ٹی وی چینل کا پروپیگنڈا سراسرجھوٹ کا پلندہ ہے ، فضل واحد

منگل 15 اکتوبر 2019 18:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) لائف لائن ری ہیبلیٹیشن سنٹر کے چیف ایگزیکٹو فضل واحد نے کہا ہے کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر ان کے مرکز کو جس طریقے سے پیش کیا گیا وہ سراسر جھوٹ اور غلط ہے۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کی ساکھ اور کردار کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف متعلقہ ادارے کارروائی کریں۔

ایک ذہنی مریضہ خاتون کے بارے میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے میزبان اور دیگر عملے کو بتایا گیا کہ ان کا دماغی توازن درست نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اسے ہمارے ادارے کے خلاف پراپیگنڈے کے طور پر استعمال کیا گیا، اس خاتون کے بھائی اور خاندان والوں نے اسے قانونی دستاویزات کے ساتھ ہمارے بحالی مرکز میں علاج کے لئے داخل کرایا تھا، اس دماغی مریضہ خاتون کے علاج معالجہ کے کاغذات بھی اس نجی چینل ٹیم کو دکھائے گئے، انہوں نے ریکارڈ نگ کی اور وعدہ کیا کہ اس ریکارڈنگ کو آن ایئر نہیں کیا جائے گا لیکن اسے منفی انداز میں پیش کر کے ہماری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

فضل واحد نے کہا کہ ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا ان کے اس دماغی امراض کے بحالی مرکز پر عالمی ادارے بھی ڈاکومنٹری بنا چکے ہیں، اگر یہ مرکز عقوبت خانہ یا نجی جیل ہوتا جیسا کہ لغو الزام لگایا گیا تو اسلام آباد انتظامیہ اسے بہت پہلے بند کر چکی ہوتی۔ انہوں نے اس الزام تراشی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں