جھوٹوں کا کنبہ آہستہ آہستہ سچ اگل رہا ہے، مولا بخش چانڈیو کا فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل

منگل 15 اکتوبر 2019 23:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹوں کا کنبہ آہستہ آہستہ سچ اگل رہا ہے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا دعوی کسی خاص کیفیت میں کیا تھا جبکہ عوام کی مشکلات کم کرنا نوجوانوں کو روزگار دینا، مہنگائی پر کنٹرول کرنا ان کا ایجنڈا تھا ہی نہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کا ایجنڈا انتشار پھیلانا، بھوک، بیروزگاری اور معاشی بدحالی لانا تھا جس پر وہ بھرپور توجہ سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری دو چار سچ اور بھی بولے تاکہ لوگوں پر اصلیت عیاں ہو۔ ایک سال کے اندر ہی عوام کو دن میں تارے نظر آرہے ہیں۔ لوگ سبزیوں کو صرف دیکھ سکتے ہیں خرید نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بات ایک کروڑ نوکریوں سے چلی تھی جو انڈوں سے ہوتی ہوئی فواد کی زبانی انکار تک پہنچی۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حیرت ان لوگوں کی عقل پر ہے جو کیکر کے درخت میں بیر اگنے کے خواب دیکھ رہے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں