ڈاکٹر مہرین بھٹو کا سابق صدر آصف زردار ی کی صحت پر تشویش کا اظہار

ملک میں انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں، اگر ملک کے سابق صدر ،پارلیمنٹ کے ممبرکو بورڈ ز سفارشات کے باوجود جیل سے ہسپتال منتقل نہیں کیا جاتا تو پھر ملک کے باقی عوام کے انسانی حقوق کیسے محفوظ ہو سکتے ہیں، رکن قومی اسمبلی

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) قومی اسمبلی میں انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کی ممبر ڈاکٹر مہرین بھٹو نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں اگر ملک کے سابق صدر اور پارلیمنٹ کے ممبرکو بورڈ ز کی سفارشات کے باوجود جیل سے ہسپتال منتقل نہیں کیا جاتا تو پھر ملک کے باقی عوام کے انسانی حقوق کیسے محفوظ ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا کہ سابق صدر پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا محض سیاسی الزامات کی بنیاد پر انہیں قید رکھنا انصاف کے اصولوں کی بھی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور عدالت کی طرف تشکیل دئیے گئے بورڈز نے سابق صدر کو ہسپتال منتقل کرنے کی سفارشات دے چکے ہیں۔ میڈیکل بورڈز کی سفارشات کے باوجود آصف علی زرداری کو جیل سے ہسپتال منتقل نہ کرنا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت انسانی حقوق کا احترام کرنا سیکھے اور سابق صدر کو جیل سے ہسپتال منتقل کرے کیونکہ ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں