تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں،

پاکستان اور پر تگال ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھا کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں، اسلام آباد چیمبر اپنا وفد پرتگال لے جانے پر غور کرے پرتگال کے سفیر پالو نیویس پوکینہو کی صدر اسلام آباد چیمبرمحمد احمد وحید سے بات چیت

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) پاکستان میں تعینات پرتگال کے سفیر پالو نیویس پوکینہو نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھا کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اپنا وفد پرتگال لے جانے پر غور کرے تاکہ مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے صدر محمد احمد وحید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال کے پاس اعلیٰ ٹیکنالوجی موجود ہے اور پاکستان کو اعلیٰ ٹیکنالوجی و مشینری فراہم کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرتگال کے پاس دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیاں ہیں لہٰذا پاکستان کے طلبا پرتگال میں کم قیمت پر معیاری اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں پرتگال کی معیشت میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور مصنوعات کی برآمدات کے ساتھ ساتھ پرتگال اب سروسز کی برآمدات پر زیادہ توجہ دے رہا ہے لہذا پاکستان اس شعبے میں پرتگال کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس پرتگال چیمبر آف کامرس کے ساتھ باہمی سمجھوتے کی یادداشت پر دستخط کرنے کی کوشش کرے تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کئے جائیں جس سے باہمی تجارت مزید بہتر ہو گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کی باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہٰذا دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے پر توجہ دیں جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ مصنوعات کی برآمدات کر رہا ہے لہذا پرتگال پاکستان سے اپنی ٹاپ درآمدات کو بڑھانے کی کوشش کرے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کو کاروبار کی راغب کر کے معیشت کیلئے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال بزنس سٹارٹ اپ کمپنیوں کے شعبے میں بہتر مہارت رکھتا ہے لہٰذا وہ اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرے تاکہ ہمارے نوجوانوں کو بزنس اور انٹرپرینیورشپ کی طرف راغب کیا جا سکے۔ انہوںنے کہا کہ پرتگال اعلیٰ ٹیکنالوجی میں بہتر مہارت رکھتا ہے لہٰذا وہ ویلیو ایڈیڈ اور اعلیٰ ٹیکنالوجی والی مصنوعات تیار کرنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرے جس سے ہماری برآمدات بہتر ہوں گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سیف الرحمٰن خان، محمد اسلم کھوکھر، شوکت حیات خان، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و پرتگال کے مابین باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔ اس موقع پر دونوں اداروں نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان طلبا اور تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششوں کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں