مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے ملی یکجہتی کونسل بھرپور تحریک چلائے گی،

ایکشن کمیٹی کااعلان دینی جماعتوں کے قائدین کا وفد کشمیر پراپنا نقطہ نظر صدر مملکت اور آرمی چیف کے سامنے پیش کرے گا،اجلاس میں لیاقت بلوچ کی گفتگو

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی ایکشن کمیٹی کے اجلا س میں کہا گیا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے ملی یکجہتی کونسل بھرپور تحریک چلائے گی،دینی جماعتوں کے قائدین کا ایک وفد کشمیر پراپنا نقطہ نظر صدر مملکت اور آرمی چیف کے سامنے پیش کرے گا۔ کونسل نے ایران اور سعودی عرب کے مابین صلح کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ کونسل پہلے دن سے ہی اس امر پر زور دیتی چلی آرہی ہے کہ پاکستان کو عالم اسلام کے مسائل میں آگے بڑھ کر ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ثاقب اکبر، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی، متحدہ جمعیت اہل حدیث کے مرکزی راہنما انجینئر اسامہ بخاری، ہدیة الہادی پاکستان کے نائب رہبر مفتی معرفت شاہ، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری طاہر تنولی، تنظیم اسلامی کے راہنما راجا محمداصغر، جماعت اہل حدیث کے پروفیسر سیف اللہ خالد اور البصیرہ کے مفتی امجد عباس اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کشمیر کے مسئلے پر جن ممالک نے حمایت کی ہے انھیں شکریے کا خط لکھا جائے گا۔ کشمیر کے حوالے سے ایک مراسلہ اقوام متحدہ کے سیکورٹی کونسل کے ممبران اور اہم اسلامی ممالک کے سربراہوں کو بھی لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملی یکجہتی کونسل نے فیصلہ کیا کہ سابق سفارت کاروں کا ایک اجلاس بھی کشمیر کے سلسلہ میں منعقد کیا جائے گا۔

ایکشن کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کے ممتاز علماء، مشائخ، وکلاء، نمائندہ خواتین، طلبہ، مزدوروں، کسانوں، دانشوروں، شعراء، صحافیوں، کالم نویسوں اور سابق سفارتکاروں کے دستخطوں پر مشتمل کشمیر کے حوالے سے ایک یادداشت تیار کی جائے گی جس میں کشمیریوں کی انسانی حقو ق کی پامالی کے خلاف پاکستان کے تمام طبقوں کا نقطہ ٴ نظر شامل کیا جائے گا۔

کشمیریوں کو بھارتی استبداد اور ظلم سے نجات دلانے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل بھی تیار کیا جائے گا۔ اس یادداشت کو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے زندگی کے تمام شعبوں کے موثر نمائندوں کی موجودگی میں آویزاں کیا جائے گا۔ کونسل نے کشمیر کے مظلوموں کی نجات کے لیے سابق سفارتکاروں سے راہنمائی حاصل کرنے کے لیے ان کا ایک اجلاس طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

نیز فیصلہ کیا گیا کہ کونسل کی رکن جماعتوں کے مشورے سے اسلام آباد میں ایک بڑا عوامی مظاہرہ بھی کیا جائے گا جس میں پاکستان کی تمام دینی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ کونسل نے فیصلہ کیا کہ ماہ ربیع الاول کے اجتماعات میں کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں آواز بلند کی جائے گی۔ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں اس امر پر اظہار افسوس کیا گیا کہ عالم اسلام میں خون مسلم ارزاں ہے۔

جنگ وجدل، باہمی قتل و غارت گری سے عالم اسلام ہی بے وقار ہوا ہے، اس سلسلے میں کونسل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ اب نئے جنگی محاذ کھولنے کے بجائے جاری باہم جنگوں کے دروازے بند کیے جائیں نیز عالمی استعمار اور اسلام دشمن قوتوں کے خلاف عالم اسلام متحد ہو جائے۔ کونسل نے میڈیا سے بھی مطالبہ کیا کہ مختلف ایشوز اپنی جگہ مگر کشمیر کو پس منظر میں نہ جانے دیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں