وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے فیصل ایو نیو پر انڈر پاس کی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھ دیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے جمعرات کے روز فیصل ایو نیو سیکٹر جی سیون اور جی ایٹ پر سی ڈی اے کی طرف سے انڈر پاس کی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد، سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ اور منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

351 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے اس انڈر پاس کی منظوری سی ڈی اے کی ڈویلیپمنٹ ورکنگ کمیٹی (سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی) کی 43 ویں میٹنگ میں دی گئی ۔وا ضح رہے کہ سی ڈی اے کی مو جودہ انتظا میہ نے اس اہم منصوبے پر عملی کام کو ممکن بنانے کے لئے تمام تر قواعد و ضوا بط مکمل کرنے کے بعد سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے 7 مئی 2019ء کو ہونے والی43ویں اجلاس میں اس منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا کہ اس منصوبے کی تعمیراتی مدت میں توسیع کی جائے تاہم اس فیصلے سے منصوبے کی لاگت نہ بڑھنے اور محل وقوع میں تبدیلی نہ لانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جس پر سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے موئثر کاوشوں کے بعد رواں سال اس منصوبے کومنظور کر کے بذریعہ اخبارات سر بمہر بولیاں طلب کیں اور قلیل وقت میں تمام تر قواعد و ضوا بط پورے کرنے کے بعدسب سے کم بولی دینے والی فرم کو قواعد و ضوابط اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔ اس منصوبے کا انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی(ی پی ای) سے این او سی ملنے کے بعد اس پر جمعرات سے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

فیصل ایونیو انڈر پاس کا منصوبہ 2015 ؁ء میں منظور کیا گیا تاہم اس اہم منصوبے کو عملی شکل دینے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ اس منصوبے کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے گذشتہ کئی سالوں سے تعطل کے شکار ترقیاتی منصوبوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے جہاں دیگر کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کیا وہاں اس انڈر پاس کی فوری تعمیر کو ممکن بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام قواعدو ضوابط کو مکمل کر کے نہ صرف سی ڈی اے۔

ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں اس کی منظوری دی گئی بلکہ کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے بعد اس پر ترقیاتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ فیصل ایونیو پر تعمیر کئے جانے والے اس انڈر پاس پر 268.905ملین روپے، روڈ ورک پر 72.280ملین روپے اور نکاسی آب کے سسٹم پر 17.906 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔ اس انڈر پاس کی تعمیراتی مدت ایک سال رکھی گئی ہے۔ فیصل ایونیو انڈر پاس کے تعمیراتی منصوبے کے آغاز سے قبل اس منصوبے کے گرد و نواح میں بھر پور شجر کاری کی گئی ہے تاکہ اس منصوبے کی تعمیر سے جہاں سیکٹر جی سیون اورجی ایٹ کے رہائشیوں کو سہولت میسر ہو وہاں اسلام آباد کے ماحول کو بھی بہتر بنایا جا سکے ۔

اس ضمن میں اس منصوبے کے لیے زیروپوائنٹ کے قریب 990پودے لگائے گئے جبکہ ایف نائن پارک میں ایک ہزارپودے لگائے گئے۔ اسی طرح اس انڈر پاس کے قریب چیڑھ کے ایک سو نئے پودے بھی لگائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے آئندہ اسلام آباد میں شروع کئے جانے والے ہر ترقیاتی منصوبے میں ایک کے بدلے 30 درخت لگانے کو منصوبے کا لازمی جزو قرار دے دیا ہے جس سے نہ صرف شہریوں کے لیے فلاحی منصوبے بنائے جا سکیں گے بلکہ بھر پور شجر کاری کے باعث اسلام آباد کے ماحول کو بھی بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔

فیصل ایونیو پر بنائے جانے والے اس انڈر پاس کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعدنہ صرف فیصل ایونیو پر ٹریفک کے بہائو میں بہتری آئے گی بلکہ سیکٹر جی سیون اور جی ایٹ کے رہائشیوں کو بھی بہترین سہولت میسر آئے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں