قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پوسٹل سروسز کا اجلاس

جمعہ 18 اکتوبر 2019 18:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پوسٹل سروسز کا چوتھا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین حاجی امتیاز احمد چوہدری کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔ پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے قائمہ کمیٹی کو گزشتہ اجلاسوں کی سفارشات سے متعلق بریفنگ دی۔ قائمہ کمیٹی نے پاکستان پوسٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان پوسٹ کی ملک بھر میں غیر قانونی قابضین کے زیر استعمال عمارتوں کی فہرست فراہم کرے تاکہ غیر قانونی قابضین سے ان عمارتوں کو واگزار کرانے کیلئے پالیسی مرتب کرنے کے سلسلے میں وزیراعظم کو مراسلہ بھجوایا جا سکے۔

قائمہ کمیٹی نے پوسٹل حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ان تمام املاک کی فہرست بھی فراہم کرے جنہیں کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پوسٹ نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ایک سسٹم تشکیل دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے پنشن حاصل کرنے والے صارفین کی سہولت کیلئے موبائل ایپلیکیشن، اے ٹی ایم مشین اور دیگر جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

قائمہ کمیٹی نے پاکستان پوسٹ کو ہدایت کی کہ پوسٹل لائف انشورنس سیونگ بینک کے کام سے متعلق آئندہ اجلاس میں کمیٹی کو آگاہ کیا جائے ۔ قائمہ کمیٹی نے عوام الناس کی آگاہی کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے خصوصی تشہیر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ قائمہ کمیٹی نے پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ بورڈ ترمیمی بل 2019ء پر بھی غور کیا اور اسے محرک کی عدم موجودگی پر آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔

اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی فیض اللہ، ملک کرامت علی کھوکھر، طاہر اقبال، نیاز احمد جھکڑ، شاہین ناز سیف اللہ، رخسانہ نوید، سید جاوید حسین، عائشہ رجب علی، نوابزادہ افتخار احمد خان بابر، سید ابرار علی شاہ، نوید عامر جیوا، محمد انور نے شرکت کی جبکہ پاکستان پوسٹ اور وزارت پوسٹل سروسز کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں