اسٹیل ملزملازمین کو واجبات کی ادائیگی ،سینیٹ کمیٹی کا اجلاس طلب

ایجنڈے میں یوٹیلیٹی اسٹورز ودیگر بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے معاملات بھی شامل سیکریٹری خزانہ یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے ٹیکسیشن پالیسی سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کریں گے

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اہم اجلاس 21اکتوبر کو پارلیمنٹ ہائوس کی کمیٹی روم نمبر1میں طلب کرلیا گیا ہے ۔سینیٹر احمد خان کی سربراہی میں یہ اجلاس اس سے قبل 18اکتوبر کو طلب کیا گیا تھا، بعد ازاں اس اجلاس کو موخر کرکے اب 21اکتوبر کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے ۔اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایجنڈے میں اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کی ادائیگی ،یوٹیلیٹی اسٹورز اور دیگر بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے حوالے سے تجاویز کے معاملات شامل ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے منیجنگ ڈائریکٹرز کی جانب سے ٹیکسیشن او ر عوام کو سبسڈی پر فراہم کی جانے والی اشیا سے متعلق بریفنگ دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری وزارت خزانہ حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے ٹیکسیشن پالیسی سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کریں گے ۔چیئر مین ایف بی آر بھی یوٹیلیٹی اسٹورز سے متعلق معاملات پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے ۔

اجلاس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایگزیکٹو بورڈ کی چیئرپرسن بی آئی ایس پی اسکیم کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز سے خریداری سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو تفصیلات فراہم کر یں گی ۔منیجنگ ڈائریکٹر پیپرا بھی کمیٹی کو یوٹیلیٹی اسٹورز سے خریداری سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے ۔ اس دوران اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کی ادائیگی سے متعلق معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں