پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات حقیقت میں تہذیبوں، ثقافت اور عوام کے مابین دوستی ہے

بیجنگ میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی کا چائنہ پاکستان یوتھ کلچرل ویک افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 22 اکتوبر 2019 18:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) بیجنگ میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات اور دوستی حقیقت میں تہذیبوں، ثقافت اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین دوستی ہے، پاکستان اور چین کے مابین طویل مشترکہ سرحد اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین بھی دوستی کے مشترکہ رشتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے منگل کو یہان بیجنگ میں چائنہ پاکستان یوتھ کلچرل ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاکستانی طلباء نے اس موقع پر ثقافتی ورثے، پینٹنگز اور کرافٹس کی نمائش کی۔ انہوں نے کہا کہ دو سدا بہار دوستوں کے مابین تعلقات بلندیوں کی نئی سطح کو چھو رہے ہیں اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دوستی کے ان مضبوط احساسات کو نئی نئی نسل تک منتقل اور انہیں پاک چین تعلقات کی اہمیت سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

سفیر ہاشمی نے دونوں ملکوں کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نوجوانوں کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ اس وقت 28 ہزار پاکستانی طالب علم چین کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان کے اہم شہروں میں تقریباً 8 کنفوشس مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ متعدد چینی لینگویج سنٹرز پاکستان میں ہمارے طلباء کو چینی زبان کی تعلیم مہیا کر رہی ہیں۔ تقریب سے آل پاکستان چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی صدر عطیہ ایوب قطب نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستانی فنکاروں نے اپنے فن اور کرافٹس کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں