حکومت زرعی شعبہ کے مسائل کے حل پر توجہ دے ، زرعی شعبہ قومی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کر سکے

پاکستان کسان اتحاد کے صدر رائو طارق اشفاق کا نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 23 اکتوبر 2019 19:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) پاکستان کسان اتحاد کے صدر رائو طارق اشفاق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت زرعی شعبہ کے مسائل کے حل پر توجہ دے تاکہ زرعی شعبہ قومی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں زراعت جیسے اہم شعبہ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہمارے چند مسائل ہیں جن کے حل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اب انہیں التواء میں ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کی اووربلنگ عام شہریوں کا بھی مسئلہ ہے جبکہ زرعی شعبہ اس سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے اس کے حل کی ضرورت ہے۔ ڈیزل، کھاد اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ہم نے گندم، کپاس، گنا اور مکئی کی قیمت میں اضافہ کا مطالبہ کیا تھا، حکومت ہمارے جائز مطالبات تسلیم کرے بصورت دیگر ہم احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ان کی پیداوار کی جائز قیمت نہیں مل رہی مثلاً ہم نے کل بھی مارکیٹ میں 10 روپے فی کلو کے حساب سے آلو فروخت کیا جبکہ مارکیٹ میں اس نئے آلو کی قیمت 70 سے 80 روپے فی کلو ہے، حکومت اگر توجہ دے تو ہمیں بھی اپنی پیداوار کی جائز قیمت ملے جبکہ صارفین کو بھی مناسب ریٹس پر یہی اشیاء مل سکتی ہیں۔

اس موقع پر ان کے ساتھ دیگر کئی کسان رہنما بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں