حکومت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر جہازوں کے لیے فیول کا بندوبست کرے، قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاںنے کہاہے کہ حکومت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر جہازوں کے لیے فیول کا بندوبست کرے۔ یہ ہدایت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں نے قومی اسمبلی میں ہونے والے اجلاس کے دوران ہوا بازی ڈویژن اور دیگر متعلقہ اداروں کو دیں۔

مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ رحیم یار خان ایئرپورٹ ایک انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے مگر اس پر جہازوں کے لیے فیول کا بندوبست نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پی آئی اے کے جہازوہاں سے سامان لے کر نہیں جاسکتے، چنانچہ مسافروں کا سامان بسوں کے ذریعے سکھر تک پہنچایا جاتا ہے، مجلس قائمہ نے اس امر پربڑی حیرت کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ حکومتی ادارے بشمول پیٹرولیم ڈویژن، ہوا بازی ڈویژن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی جلد از جلد اس کمی کو دور کریں اور رحیم یار خان ایئرپورٹ پر فیول کا کماحقہ بندوبست کریں۔

(جاری ہے)

مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ پشاور سے ایم ون کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ کو جانے والے مسافروں کو انٹرچینج نہ ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ پشاور سے اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والوں کے لیے فی الفور ایک لوپ بنادیا جائے، جہاں سے لوگ بآسانی ایئرپورٹ کی طرف جا سکیں۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ ہوا بازی ڈویژن اور مواصلات ڈویژن پہلے ہی اس معاملے پر غورو فکر کرنے کے بعد اس کو حل کرنے کے لیے رضامند ہو چکے ہیں، چنانچہ این ایچ ایزمین فراہم کرے گا جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی انٹرچینج کی تعمیر کے لیے فنڈ فراہم کرے گی۔

مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں سرعت کے ساتھ کام کیا جائے اور مجلس قائمہ کوتعمیلی رپورٹ دی جائے۔مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ بعض محکموں نے اپنے اٴْن ملازمین کو اعزازیہ نہیں دیا جنہوں نے بجٹ سیشن 2018-19اور بجٹ سیشن 2019-20میں قومی اسمبلی میں خدمات سر انجام دی تھیں۔ مجلس قائمہ نے اس پر بڑی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور قرار دیا کہ مختلف محکموں میں ابھی تک کالی بھیڑیں موجود ہیں جو اچھے فیصلوں پر عملدرآمد کرنے سے گریزاں رہتے ہیں۔

چنانچہ مجلس قائمہ نے ایک ذیلی کمیٹی بنادی جس کے کنوینر سید غلام مصطفیٰ شاہ، ایم این اے ہونگے جبکہ سید جاوید علی شاہ جیلانی، ایم این اے ، جناب محمد افضل کھوکھر ، ایم این ایاور محترمہ سائرہ بانو، ایم این اے اس کے ممبر ہونگے۔ مجلس قائمہ کے اجلاس کی صدارت، چیئرمین جناب ملک محمد عامر ڈوگر نے کی جبکہ ممبران مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں مجاہد علی، شیخ راشد شفیق، سردار ریاض محمود خان مزاری، سید جاوید حسنین، محمد افضل کھوکھر، سید جاوید علی شاہ جیلانی، سید غلام مصطفیٰ شاہ، محترمہ سائرہ بانو کے علاہ محترمہ مہناز اکبر عزیز، ایم این ای/محرک اور محترم شیر اکبر خان، ایم این ای/محرک نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری ، پارلیمانی امورکے علاوہ کئی اعلیٰ سول افسران نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں