وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کے درمیان ملاقات

ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، عوام کے تحفظ کیلئے حکومت کے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، عوام کے تحفظ کیلئے حکومت کے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ معیشت کی ترقی کیلئے انتظامیہ کی یکسوئی اور امن و استحکام بنیادی اجزا کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ دشمن انتشار کو ہوا دے کر پاکستان کو داخلی طور پر الجھانا چاہتا ہے جس میں کسی طور کامیاب نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کی سلامتی اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں چنانچہ حکومت اس کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، 14 ماہ کی انتھک محنت سے معیشت آئی سی یو سے نکل کر پہلی مرتبہ صحت یابی اور افزائش کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و انتخابی میدان میں شکست کھانے والا گروہ حواس باختہ ہو کر انتقام کی آگ میں جل رہا ہے اور ایک کمزور اور ناقص بیانیہ کی بنیاد پر قوم کو کسی بحران میں الجھا کر خود کیلئے امکانات کا متلاشی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں جبر و فساد کا دروازہ کھولنے والے فی الحقیقت دشمن کی تسکین کا سامان کریں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کو کسی داخلی بحران کا شکار کرنے کی کوششیں بہرحال ناکام ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف امن عامہ کے تحفظ کیلئے وفاقی حکومت کی حکمت عملی و اقدامات کی مکمل حمایت کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں