نواز شریف نے تین بار ملک کا وزیراعظم رہ کر بھی ایسا کوئی ہسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ممکن ہو سکے

تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کر دیا ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے ہدایات دے دی گئی ہیں رکن قومی اسمبلی علی خان جدون کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 14 نومبر 2019 17:00

نواز شریف نے تین بار ملک کا وزیراعظم رہ کر بھی ایسا کوئی ہسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ممکن ہو سکے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے تین بار وزیراعظم منتخب ہوئے، انہوں نے ایسا کوئی ہسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ممکن ہو سکے، حکومت نے نواز شریف سے ملک سے باہر جانے کے حوالے سے گارنٹی مانگ کر درست فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی مجرم سے گارنٹی مانگنا حکومت کا کام ہے، نواز شریف لاہور سے کراچی نہیں جا رہے کہ ان کو گارنٹی کی ضرورت نہیں بلکہ وہ ملک سے باہر علاج کے لئے جا رہے ہیں۔

باہر جانے کے لئے حکومت کو ضمانت درکار ہے۔ اگر وہ واپس آئے تو ضمانت بھی واپس کر دی جائے گی۔ اس پر سیاست کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کے تین بار منتخب وزیراعظم رہے، انہوں نے ملک میں ایسا ہسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی کی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کر دیا ہے جس کے ثمرات آہستہ آہستہ عوام تک منتقل ہوں گے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ مصنوعی مہنگائی کو روکنے کے لئے اقدامات کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں