پاکستان آسٹریا کہ ساتھ باہمی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ان دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی آسٹریا کے سفیرنیکولس کیلر سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 14 نومبر 2019 21:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان آسٹریا کہ ساتھ اپنے باہمی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ان دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں آسٹریا کے سفیرنیکولس کیلر سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین موجودہ تجارتی تعلقات کو مزیدفروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے اور کاروباری و تجارتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے آسٹریا کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ سے دونوں اطراف کی عوام خوشحالی و ترقی حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم و دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی بہتری کیلئے پارلیمانی روابط کو بڑھانے کی اشدضرورت ہے تا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے اس اٴْمید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک اپنے باہمی تعلقات کو مختلف شعبوں میں فروغ دے کر اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ملاقات کے دوران سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف، بہرہ مند خان تنگی، روبینہ خالد، میر حاصل خان بزنجو اور محمد عثمان خان کاکڑ بھی موجود تھے۔ آسٹریا کے سفیر نیکولس کیلر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بڑا ملک ہے اور اس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں جن سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور پارلیمانی روابط اور وفود کے تبادلوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں