اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کا خاتمہ، سی ڈی اے کشمیر ہائی وے پر روایتی ٹریفک سگنلز کو ہٹا کر سمارٹ ٹریفک سگنل سسٹم متعارف کرائیگا

جمعرات 14 نومبر 2019 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2019ء) اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے تسلسل میں سی ڈی اے کشمیر ہائی وے پر روایتی ٹریفک سگنلز کو ہٹا کر سمارٹ ٹریفک سگنل سسٹم متعارف کروا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر کشمیر ہائی وے G-7 سے لیکر G-11 تک سمارٹ ٹریفک سگنلز لگائے جا رہے ہیں جس کے بعد اسلام آباد کی تمام بڑی شاہراؤں پر نصب روایتی ٹریفک سگنلز کو سمارٹ ٹریفک سگنل سسٹم پر تبدیل کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں قومی اخبارات میں ٹینڈرز پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔سمارٹ سگنلز ٹریفک کا دباؤ دیکھتے ہوئے کام کریں گے۔ان سگنلز میں آپٹیکل سینسرز نصب ہوں گے جو ٹریفک والیم کی بنیاد پراشاروں کو خود کار طریقے سے سبز اور سرخ میں تبدیل کرنے میں مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

ان سگنلز میں یہ اہلیت ہو گی کہ وہ گاڑیوں کی تعداد کا اندازہ لگاتے ہوئے سگنل کے بند ہونے اور کھلنے کے وقت کوخود کار طریقے سے ایڈجسٹ کر سکیں گے۔

اس سسٹم کو متعارف کرانے کے بعد جہاں کشمیر ہائی وے پر ہزاروں لوگوں کو سہولت میسر ہو گی وہاں خود کار نظام کے تحت ٹریفک کنٹرول کرنے سے افرادی قوت کے استعمال میں بھی کمی آئے گی۔ سی ڈی اے اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل کے خاتمے بالخصوص رش کے اوقات میں ٹریفک جام جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس سلسلے میں شہر کی مستقبل کی ٹریفک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نہ صرف شہر میں روڈ انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال میں لایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں