اسلام آباد میں 14 روز بعد میٹرو بس سروس بحال

وزارتِ داخلہ کی جانب سے دھرنے کے اخراجات پر بجٹ دیا گیا تھا، مزید بجٹ کے لیے تخمینہ لگایا جا رہا ہے، آئی جی اسلام آباد

جمعہ 15 نومبر 2019 00:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے دھرنے کے باعث 14 روز سے معطل میٹرو بس سروس بحال ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جانب سے گذشتہ روز 14روز سے جاری دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد جمعرات کو2 ہفتوں سے معطل راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس بحال کردی گئی۔

میٹرو بس سروس 31 اکتوبر کو جے یو آئی کے آزادی مارچ کے اسلام آباد میں داخل ہونے کے بعد سے بند تھی۔دوسری جانب دھرنے کے مقام کشمیر ہائی وے اور ایچ نائن گراونڈ میں اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جو (آج )جمعہ کو بھی جاری رہے گا ۔اسلام آباد ایچ نائن جلسہ گاہ میں انتظامی امور کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار نے کہا کہ خوشی کا دن ہے کہ جو چیلنج اسلام آباد کو درپیش تھا اس سے بخوبی نمٹ لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے دھرنے کے اخراجات پر بجٹ دیا گیا تھا، مزید بجٹ کے لیے تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ اسلام آباد میں لگے کنٹینرز کو ہٹا رہے ہیں، جلد ہی کشمیر ہائی وے سمیت تمام راستے کھول دیے جائیں گے، تاہم پولیس عوام کی سیکیورٹی کے لیے موجود رہے گی۔انہوںنے کہاکہ ملک کے مختلف شہروں سے جو پولیس کی اضافی نفری بلائی گئی تھی ان کی تعداد 19 ہزار تھی جن میں سے بیشتر کو آج واپس بھیج دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں