پاکستان مائیکرو فنانس انویسمنٹ کمپنی اور جرمن حکومت کے ڈویلمنٹ بینک نے پاکستان میں بجلی سے محروم اور زیادہ لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں سولر انرجی کا آغاز کردیا

ہفتہ 16 نومبر 2019 00:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) پاکستان مائیکرو فنانس انویسمنٹ کمپنی (پی ایم آئی سی) اور جرمن حکومت کے ڈویلمنٹ بینک (کے ایف ڈبلیو) نے پاکستان میں بجلی سے محروم اور زیادہ لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں سولر انرجی کا آغاز کیا ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں اس حوالہ سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ اس دوران پی ایم آئی سی کے سی ای او یاسر اشفاق نے اپنے تعارفی خطاب میں کمپنی کی متعدد کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کمپنی غریب اور کم آمدنی والے افراد کیلئے ملازمت اور آمدنی کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے، عرصہ دراز سے پی ایم آئی سی اور اس کے شئیر ہولڈرز (پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ،کار انداز اور کے ایف ڈبلیو) نے غریبوں کو خوشحال بنانے کیلئے متعدد کام کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انرجی کے حالیہ اقدامات سے کم بجلی یا بجلی سے محروم علاقوں میں 2 لاکھ گھروں کیلئے یہ 15 ملین یورو لون پروگرام ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کمپنی کے ملازمین کی کارکردگی کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پراجیکٹ منیجر (کے ایف ڈبلیو) نے انرجی پروگرام کے مختلف پہلوئوں پر اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر (ایس ای سی پی) کے فرخ ایچ سبزواری نے ان فلاحی پروگراموں پر (ایس ای سی پی) کے کردار پر روشنی ڈالی۔

وینڈرز اور سروس پروائیڈرز نے ایس ڈی جیز 2030ء پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں پی ایم آئی سی کے چیئرپرسن نوید خان نے کمپنی کے ذریعے ملک میں مالی سہولیات کے فروغ اور غربت کے خاتمہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پرائیویٹ سیکٹر کی اعلیٰ شخصیات، ریگولیٹرز، مندوبین، ڈویلپمنٹ ایجنسیز، سرکاری اور کمرشل بینک، مائیکرو فنانس اداروں، لوکل اور انٹرنیشنل این جی اوز نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں