سی ڈی اے کا کشمیر ہائی وے پر روڈ لائیٹس کی بحالی،تزئین و آرائش اور مرمت کا کام شروع ،قومی اخبارات میں ٹینڈرز جاری

ہفتہ 16 نومبر 2019 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2019ء) سی ڈی اے کشمیر ہائی وے پر روڈ لائیٹس کی بحالی،تزئین و آرائش اور مرمت کا کام شروع کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں قومی اخبارات میں ٹینڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ کشمیر ہائی وے پر روڈ لائٹوں کی تعمیر و مرمت کا کام سی ڈی اے کی طرف سے شروع کیے گئے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت مختلف روڈوں پر نصب لائٹوں کو فنکشنل کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کی بالخصوص رات کے اوقات میں سڑکوں پر سفر محفوظ بنایا جا سکے۔

اس منصوبے کے تحت ٹی ایف (TF) کمپلیکس سے لیکر سیکٹر G-12 کشمیر ہائی وے پر ضرور ت کے مطابق نئے لائٹ پولز کی تنصیب کے علاوہ ساری کیبلنگ نیٹ ورک کی مرمت کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ لائٹ پولز کو بھی فعال بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ کشمیر ہائی وے پر روڈ لائٹیس کافی عرصے سے خراب تھیں جس کی وجہ سے جہاں اس سڑک پر آمدورفت میں پریشانی آرہی تھی وہاں شہر کے اس حصے میں روڈ لائٹیس کے خراب ہونے کے باعث اکثر اندھیرا رہتا تھا۔

(جاری ہے)

مزید برآں شہریوں کی طرف سے بھی ان روڈ لائیٹس کی فوری مرمت و بحالی کی بھی درخواستیں موصول ہو رہی تھیں۔ان مسائل کے تدارک کے لیے سی ڈی اے کو ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ فوری طور پر روڈ لائیٹس کی بحالی و مرمت کے کام کو شروع کرے۔اس سلسلے میں مطلوبہ فنڈ مہیا کرنے اور قواعد و ضوابط مکمل کرنے کے بعد کشمیر ہائی وے پر روڈ لائیٹس کی بحالی کے کام کے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ دوسری اہم شاہراؤں پر روڈ لائیٹس کی بحالی و مرمت کے کام کے لیے قواعد و ضوابط مکمل کیے جا رہے ہیں جس کے بعد ان کاموں کے ٹینڈرز جلد ہی جاری کر دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں