سینکڑوں ہندو یاتری شادانی دربار کی تقریبات میں شرکت کے لئے پرسوں واہگہ کے راستے پاکستان پہنچیں گے

جمعہ 22 نومبر 2019 12:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) ہندو مذہب کے شیو اوتاری گوروسینٹ سوامی شادارام کے 311 ویں جنم دن اورشادانی دربار حیات پتافی (تیرتھ ) کی تقریبات کے موقع پر بھارت سے پاکستان آنے والے ہندو یاتریوں کے لیے انتظامات مکمل ، تقریبات کے لیے سینکڑوں مردخواتین ہندو یاتری کل ہفتہ کو واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان پہنچیں گے۔

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد سمیت دیگر اعلی حکام اور مقامی ہندو رہنماء یاتریوںکا استقبال کریں گے۔ ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق سیکرٹری بورڈ طارق وزیر کے احکامات پرڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراز عباس شادانی دربار کی تقریبات اورانتظامات کی حتمی شکل دینے کے لیے کمشنرسکھر ، ڈپٹی کمشنرسکھر سمیت پولیس افسران اور دیگر انتظامی افسران سے ملاقات کی اورسکیورٹی فول پروف بنانے کے لئے بہترین انتظامات کرنے کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراز عباس نے ممبراٹاسک فورس رامیشن سنگھ کے ہمراہ اقلیتی وزیر ہری رام سے ہندو یاتریوں کی مہمان نوازی اور سادھو بیلہ مندر سکھرمیں کیے جانے والے ترقیاتی کامو ں کے حوالے سے ملاقات بھی کی اور انتظامات سے آگاہ کیا ۔ترجمان بورڈ نے مزید بتایا کہ بھارت سے آنے والے ہندو یاتریوں کی مکمل دیکھ بھال کرتے ہوئے انہیں فول پروف سکیورٹی سمیت مکمل سہولیات دی جائیں گی اور ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان آنے کے بعد بذریعہ بس سکھر روانہ ہوں گے ، حیات پتافی دربار میں25 تا 27 نومبر تین روزہ تقریبات منعقد ہوں گی۔

ہندو یاتری اپنے قدیمی استھان سادھو بیلہ مندر میں مذہبی رسومات ادا کریں گے جہاں ان کے اعزاز میں تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ یاتری اپنی مذہبی رسومات مکمل کرنے کے بعد 5 دسمبر کو واہگہ بارڈر سے واپس روانہ ہوجائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں