انٹرنیشنل یوتھ سمٹ کے 30 ممالک کے 80 رکنی وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ ، قانون سازی کے حوالے سے شبلی فراز نے بریفنگ دی

سی پیک منصوبے کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر کئی ممالک کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں بہتری نظر آئے گی، قائد ایوان شبلی فراز

جمعرات 5 دسمبر 2019 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) انٹرنیشنل یوتھ سمٹ کے 30 ممالک کے 80 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں انہیں سینیٹ کے کام کے طریقہ کار، آئینی کردار، اراکین پارلیمنٹ کے طریقہ انتخاب اور قانون سازی کے حوالے سے قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز نے تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو سینیٹ کی قانون سازی، حکومتی جوابدہی، نمائندگی، انتخاب کے طریقہ کار، سینیٹ کمیٹیوں اور دیگر امور سے متعلق بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔

قائد ایوان سینیٹ نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوگئی ہے اور پاکستان کے عالمی امن کے قیام کے حوالے سے کردار کو بھی تسلیم کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر کئی ممالک کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔

پاکستان میں شفافیت اور میرٹ پر مبنی نظام کے نفاذ کیا جارہا ہے اور اداروں کی استعداد کو بہتر کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں جمہوری اقدار موثر انداز میں فروغ پارہی ہیں اور پاکستان میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ با اختیار بنانے کے حوالے سے بھی موثر کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کی واضح مثال اساس پروگرام ہے جس میں خواتین کی تعلیم و تربیت کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

وزیرا عظم پاکستان کی موثر پالیسیاں ہماری نئی نسل کیلئے بہترین تحفہ ہیں۔ وفد نے سینیٹ میوزیم اور گلی دستور کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں جمہوری عمل کی تاریخ، آئین سازی اور جمہوریت کیلئے کی گئی کاوشوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے بہترین انتظامات پر قائد ایوان سینیٹ اورسینیٹ سیکرٹریٹ کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں