شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لئے شاہین سکواڈز تشکیل دے گئے ہیں، وقار الدین سید

شاہین سکواڈز سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے مختلف سیکٹرز میں پٹرولنگ کرینگے ،جدید اسلحہ اور وائرلیس سیٹ سے ملازمین لیس ہوں گے،شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائینگے، ڈی آئی جی آپریشنز

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے کہاہے کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لئے شاہین سکواڈز تشکیل دے گئے ہیں ،شاہین سکواڈز سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے مختلف سیکٹرز میں پٹرولنگ کریں گے ،جدید اسلحہ اور وائرلیس سیٹ سے ملازمین لیس ہوں گے،شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی خصوصی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور شہر سے سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے شاہین موٹر سائیکل سکواڈز تشکیل دے دئیے ہیں ،یہ سکواڈز ماڈل تھانوں کو مہیا کئے گئے ہیں جو پئیرز کی صورت میں ان تھانوں کے سیکٹرز میں گشت کریں گے،ڈی آئی جی آپریشنز نے ریسکیو ون فائیو پر افتتاح کے موقع پر کہا کہ ان سکواڈز میں نوجوان اور پڑھے لکھے تربیت یافتہ لڑکوں کو سلیکٹ کیا گیا ہے ،اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر سید مصطفٰی تنویر،ایس پی رورل ملک نعیم اقبال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنز نے جوانوں کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ دوران گشت الرٹ ہو کر رہیں اور مکمل ڈسپلن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں ،دوران چیکنگ شہریوں کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آئیں اور ہر چھوٹے بڑے کے ساتھ باادب طریقے سے ہم کلام ہوں ،آئی جی اسلام آباد کے ویژن کے مطابق پہلے سلام اور پھر کلام کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کریں ،آپ کے طرز عمل اور شہریوں کے ساتھ سلوک نے اسلام آباد پولیس کا نام روشن کرنا ہے ،تمام جوان اپنے اپنے موٹر سائیکلز اور دئیے گئے وسائل کا تحفظ کریں ،آپ کو فراہم کردہ وسائل اور ڈیوٹی کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی ،ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ جس علاقے میں آپ گشت کریں گے اس علاقے میں کسی قسم کی واردات کا شکایت نہیں آنی چاہئے ،اچھی ڈیوٹی کرنے والے جوانوں کو انعامات دئیے جائیں گے ،شاہین سکواڈز میں دو موٹر سائیکلز پئیرز کی صورت میں سیکٹرز میں گشت کریں گے اور کسی بھی ایمرجنسی کال پر فوری ریسپانس بھی کریں گے ، پٹرولنگ کے اس نظام کی وجہ سے انشاء اللہ شہر سے سٹریٹ کرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کویقینی بنایا جاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں