عالمی اداری برائے جوہری توانائی کے وفد کا کراچی نیوکلئے پاور پلانٹ کا دورہ

ہفتہ 7 دسمبر 2019 17:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) عالمی اداری برائے جوہری توانائی (آئی اے ای ای) کے وفد نے کراچی نیوکلئے پاور پلانٹ کا دورہ کیا اور آئی اے ای اے کی سفارشات کی روشنی میں پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے نیوکلئیر سیکورٹی اقدامات کو سراہا۔دورے کا مقصد ایٹمی تحفظ کے شعبے میں آئی اے ای اے اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔

ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آئی اے ای اے نیوکلیئر سیکورٹی ڈویژن کے سربراہ راجہ عبدالعزیز راجہ عدنان وفد کی سربراہی کر رہے تھے۔وفد نے چار سے سات دسمبر تک پاکستان کا دورہ کیا۔دورہ 2005میں متفقہ آئی اے ای اے۔پاکستان نیوکلیئر سیکورٹی تعاون پروگرام کا حصہ تھا جس کا بنیادی مقصد پاکستان میں نیوکلیئر سیکورٹی رجیم کی کارکردگی میں مزید اضافہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

راجہ عدنان نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کیا اور آئی اے ای اے سفارشات کی روشنی میں پاکستان کی جانب سے نیوکلیئر سیکورٹی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔دورے کے دوران راجہ عدنان نے چیئر مین پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی ظہیر ایوب بیگ اور چیئر مین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم سے بھی ملاقات کی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ایٹمی تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مستحکم کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان نیوکلییر سیکورٹی کو فروغ دینے کیلئے آئی اے ای اے کی کاوشوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان نہ صرف آئی اے ای اے کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے تعاون سے استفادہ کرر ہا ہے بلکہ وہ اس شعبے میں ایجنسی کو مہارت اور مشاورتی گروپوں اور کمیٹیوں میں شرکت کی صورت میں مختلف خدمات بھی پیش کررہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں