عالمی ادارہ برائی جوہری توانائی اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے درمیان معاہدہ

ہفتہ 7 دسمبر 2019 17:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2019ء) انٹر نیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای ای) اور پاکستان کی اعلیٰ درجے کی انجینرنگ یونیورسٹی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے درمیان نیوکلیئر ٹیکنالوجی اور اس کے متعلقہ شعبہ جات میں تحقیق وترقی اور استعداد کار میں اضافہ کیلئے معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں ۔

یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ویانا میں ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر میں معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میخائل چودہکوو نے کہا کہ رکن ممالک میں اس شعبہ میں استعداد کار میں اضافے ، تربیت اور تعلیم کی اہمیت پر صرف زور دینا ہی کافی نہیں ہے ۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے ایجنسی رکن ممالک کے درمیان تعاون اور سائنسی علوم کی حوصلہ افزائی کرتی ہے ، اس موقع پر ریکٹر پیاس ڈاکٹر ناصر ماجد مرزا نے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر سایہ چلنے والی انجینئرنگ یونیورسٹی 2006ء سے اعلیٰ درجے کا تعلیمی ادارہ ہے ۔

(جاری ہے)

کیو ایس ورلڈ رینکنگ 2019ء کے مطابق پاکستان کی 7یونیورسٹیاں عالمی یونیورسٹیوں کے سالانہ انڈکس میں شامل ہیں جن میں سے پیاس پہلے نمبر پر اور دنیا میں 397ویں نمبر پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیاس آئی اے ای اے کا پہلا تعاون والا مرکز بنا ہے جس سے سائنسی تعاون اور انٹر نیشنلائزیشن کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں