پویلین میں سواتی شالز،پشاوری چپل،دھاتی اشیاء،مٹی کے برتن، سنگ مرمر اور پتھروں سے بنی اشیاء،زری دستکاری،گندم سٹراآرٹ،گندم بھوسے کا آرٹ اور دیگر سٹالز لگائے گئے

خیبرپختونخوا پویلین کے انعقاد کا مقصد صوبہ خیبرپختونخوا کی جانب سیاحوں کو راغب کرنا اورموجودہ وہ نئے سیاحتی مقامات کی رونمائی کرناہے، جی ایم سجاد حمید

ہفتہ 7 دسمبر 2019 23:52

اسلام آباد،پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام صوبائی سیاحت و ثقافت کے فروغ کیلئے خیبرپختونخوا پویلین سجایا گیا ہے جس میں صوبہ میں موجود سیاحتی مقامات کی رونمائی کیلئے ڈاکومنٹریز نشر کرنے سمیت،کیلاش کمیونٹی بارے آگاہی کیلئے کیلاشی خواتین ڈیسک،صوبے میں موجود جنگلی حیات کی حفاظت،اہمیت کیلئے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ ڈیسک اور دیگر سٹالز لگائے گئے ہیں، پاک چائنہ سنٹر اسلام آباد میں شروع ہونے والے ڈان لائف سٹائل ایکسپو میں ٹورازم کارپوریشن نے صوبہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات بارے معلومات ،ان کی جانب سیاحوں کو راغب کرنے ،معلومات کی آگاہی کیلئے انفارمیشن ٹورازم ڈیسک سمیت صوبہ کے مختلف شہروں کی ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے یکجا کیا ہے ، جس کا مقصدخیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات ، صوبائی ثقافت سمیت دیگر قیمتی اثاثوں کی ملک بھر میں رونمائی کرنا اور سیاحوں کو صوبے کی جانب راغب کرنا ہے جبکہ ساتھ ہی صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت کی جانب سے سیاحت کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے سیاحوں اور شہریوں کو آگاہ کرنا ہے ،دو روزہ میلے میں ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواصوبائی ثقافت پر مبنی مختلف سٹالز سجائے ہیں جن میں سواتی شالز،پشاوری چپل،قصہ خوانی بازار کا مشہور دھات کی بنی اشیاء،قراقل ٹوپیاں،مٹی کے برتنوں کا سٹال، سنگ مرمر اور پتھروں سے بنی اشیاء،زری دستکاری،گندم بھوسے کا آرٹ اور دیگر سٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ صوبے میں جنگلی حیات کی اہمیت شہریوں میں اجاگر کرنے کیلئے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کا سٹال،پشاور کا مشہور روایتی قہوہ خانہ،کیلاش قبیلے کے بارے میں معلومات فراہمی کیلئے کیلاشی خواتین ڈیسک،صوبے کے سیاحتی مقامات پر بنائی گئی ڈاکومنٹریز کیلئے سکرین بھی نصب کی گئی ہے، پویلین آنے والے سیاحوں کیلئے صوبے کی روایتی موسیقی کیلئے رباب منگے جبکہ ساتھ سیاحوں کو محظوظ کرنے کیلئے خٹک ڈانس پرفارمنس بھی پیش کی گئی ، پویلین میں سیاحوں کی معلومات کی فراہمی اور آگاہی کیلئے ٹورازم انفارمیشن ڈیسک بھی لگایا گیا ہے جس میں صوبہ کے سیاحتی مقامات پر بنائے گئے بینرز، برائوشرز اور پمفلٹ سجائے گئے ہیں تاکہ فیمیلز اور سیاحوں کو سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات دی جائیں ،جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیزسجاد حمید نے خیبرپختونخوا پویلین کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہاکہ ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے خیبرپختونخوا پویلین لگانے کا مقصد اپنے صوبے کے سیاحتی مقامات کی اہمیت اجاگر کرنا اور نئے آباد ہونے والے سیاحتی مقامات کی معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ سیاح صوبے میں موجود نئے سیاحتی مقامات،خوبصورت وادیاں، آبشاریں اور قدرت کے حسین مناظر کی سیر وتفریح کیلئے یہاں رخ کرسکیں، انہوں نے کہاکہ آج کے پی پویلین میں صوبہ خیبرپختونخوا کے اصل رنگ کو اجاگر کیا گیا ہے اور خوشی کی بات ہے کہ فیمیلز کی کثیر تعداد نے ان میں دلچسپی ظاہر کی اور صوبہ کی ثقافت ، سیاحت اورآثارقدیمہ کے مقامات بارے انفارمیشن ڈیسک سے معلومات حاصل کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں