پاکستان کسٹمز کا طلبہ کے لئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

منگل 10 دسمبر 2019 23:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) چیئرمین ایف بی آرسید شبر زیدی نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور لاہور یونیورسٹی آف مینجنمنٹ سائینسز کے سربراہان سے ملاقات کی اور نوجوانوں کے لئے جون 2020سے شروع کئے جانے والے کسٹمز انٹرن شپ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین ایف بی آر پہلے ہی کسٹمز انٹرن شپ پروگرام کی باضابطہ اجازت دے چکے ہیں اور پروگرام کے جلد عمل درآمد کی ہدایات دے چکے ہیں۔

ممبر کسٹمز آپریشنز ڈاکٹر جواد اویس آغا نے پروگرام کے چیدہ نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دو سو بی ایس اور ایم ایس درجہ کے طلبہ مستفید ہوں گے جنہیں ملک کی بہترین جامعات سے قانون،پبلک فنانشل مینجمنٹ،معاشیات،فنانس، پبلک پالیسی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا علم حاصل کرنے کے بعدپاکستان کسٹمز کے ذیلی دفاتر میں دس سے بارہ ہفتوںکے لئے انٹرن شپ کرنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

انٹرن شپ کرنے کے دوران طلبہ کو بارہ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ اسی سلسلہ کو جاری کرتے ہوئے ہائی سکول طلبہ کے لئے خصوصی انٹرن شپ پروگرام بھی شروی کیا جائے گا جن کو دو سے چھ ہفتہ کے انٹرن شپ پروگرام کے دوران چار ہزار سے آٹھ ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔چیئر مین ایف بی آر نے پاکستان کسٹمز کے اس پروگرام کو سراہا اور کہا کہ اس مثبت قدم کی بدولت بین الاقوامی اور لوکل معیشت اور پبلک ادارون کے کام کے طریقہ کار کے متعلق آگاہی بڑھے گی اور روزگار کے حصول اور طلبہ میں خود اعتمادی کو فروغ ملے گا۔ نسٹ اور لمز کے نمائندگان نے پاکستان کسٹمز کی اس کاوش کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں