وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں پارٹی کو جدید سیاسی ادارہ بنانے کا ہدف جلد حاصل کریں گے،زاہد حسین کاظمی

جمعرات 12 دسمبر 2019 19:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی منظم اور سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں پارٹی کو جدید سیاسی ادارہ بنانے کا ہدف جلد حاصل کریں گے ، چینی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ اشتراک کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر چین کا سفر کرنے والے کارکنان موقع سے بھرپور استفادہ کریں اور علم و تجربے کے تبادلے میں متحرک کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی چین روانگی سے قبل ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی معاشی ترقی میں کمیونسٹ پارٹی کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے جس میں بہت سے تقلیدی پہلو پوشیدہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں پاک چین تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں جس میں حکومتی اشتراک کے ساتھ سیاسی تعاون آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے مابین بڑھتے ہوئے اشتراک سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور علوم و فنون کے وسیع تبادلے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر کی جانب سے چین جانے والے وفد کو خصوصی ہدایات بھی دی گئیں۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف سندھ سے خواتین کے وفد نے مرکزی نائب صدر سے خصوصی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

خواتین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ خواتین کی فلاح و بہبود تحریک انصاف کی ترجیحات میں سرفہرست ہے جبکہ ملک بھر کی طرح سندھ میں خواتین نے وزیراعظم کے پیغام کی ترویج میں نہایت متحرک کردار ادا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں خواتین میں سیاسی شعور کی بیداری اور انہیں قومی سطح کا کردار سونپنے میں خصوصی توانائیاں صرف کیں ہیں جس سے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ خواتین کے وفد نے ملاقات پر مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اجرک بطور تحفہ پیش کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں