ای کامرس پالیسی میں ایس ایم ایز کی ترقی اور فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی، عائشہ حمیرا موریانی

جمعرات 12 دسمبر 2019 19:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کی جوائنٹ سیکرٹری عائشہ حمیرا موریانی نے کہا ہی کہ ای کامرس پالیسی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبے (ایس ایم ایز) کی ترقی اور فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ پاکستان علاقائی اور گلوبل ڈیجیٹل اکانومی میں فعال کردار ادا کر سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای کامرس پالیسی پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کے اشتراک سے کیا تاکہ تاجر برادری کو پالیسی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔ عائشہ حمیرا موریانی نے کہا کہ ای کامرس کا شعبہ اس وقت دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں شامل ہے، 2018ء میں چین کے ای کامرس کا حجم 1526 ارب ڈالر، امریکہ کا 526 ارب ڈالر، برطانیہ کا 124 ارب ڈالر، جاپان کا 109ارب ڈالر، جنوبی کوریا کا 78 ارب ڈالر، جرمنی کا 73 ارب ڈالر، فرانس کا 58 ارب ڈالر اور کینیڈا کا 44 ارب ڈالر رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے دوران پاکستان میں ای کامرس کے شعبہ کا حجم 40.1 ارب روپے تک بڑھ گیا جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے کاروبار ی ادار ے ڈیجیٹل سیلز پر توجہ دے کر بہتر ترقی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس پالیسی چھوٹے کاروباری اداروں اور برآمدات کو بہتر فروغ دے گی، بہت سے نوجوانوں روزگار فراہم کرے گی اور خاص طور پر دور دراز علاقوں کے نوجوانوں اور خواتین کیلئے کاروبار کے میدان میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی ۔

انہوں نے ایس ایم ایز پر زور دیا کہ وہ ای کامرس پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہوئے آن لائن گلوبل مارکیٹ میں تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر شارون رشید نے ای کامرس کی ترقی میں سٹیٹ بینک کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک قومی سطح پر مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کیلئے کام کی رفتار تیز کرے گا اور ای کامرس کا کاروبار کرنے والوں کو انٹرنیشنل پیمنٹ گیٹ ویز تک آسان رسائی فراہم کرے گا تاکہ ان کو لین دین میں آسانی ہو۔

ایف بی آر کے چیف کسٹم ایکسپورٹ اقبال منیر نے ای کامرس کے فروغ کیلئے ایف بی آر کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم نظام کو ای کامرس کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ ڈیجیٹل اکانومی کو بہتر فروغ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ای کامرس سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کرے تاکہ ان کا بہتر حل نکالا جائے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ سائبر سیکورٹی ایشوز کی وجہ سے لوگ آن لائن سودے کرنے پر زیادہ اعتماد نہیںکرتے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ای کامرس کے فروغ کیلئے ایسے مسائل کا بہتر حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس پالیسی کے بارے میں ایس ایم ایز، ایکسپورٹرز اور دیگر تمام شراکت داروں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے جس سے ای پلیٹ فارمز کا استعمال بڑھے گا اور ڈیجیٹل اکانومی فروغ پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس کے فروغ کیلئے انٹرنیشنل پیمنٹ گیٹ ویز کی آسان دستیابی بنیادی شرط ہے، حکومت اس طرف زیادہ توجہ دے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمن خان نے ای کامرس کی راہ میں حائل مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت ان کو فوری حل کرنے پر توجہ دے تا کہ پاکستان میں ای کامرس تیزی سے فروغ پائے۔ خالد چوہدری، احسن ظفر بختاوری، میاں شیراز مسعود اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ای کامرس کی کامیابی کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں