چیئرمین ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے غربت کے خاتمہ اور سماجی تحفظ کا اجلاس

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے دیگر منصوبوں، مسائل اور اہم امور پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) غربت کے خاتمہ اور سماجی تحفظ کے سلسلہ میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں جمعرات کو منعقد ہوا جس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے دیگر منصوبوں، مسائل اور اہم امور پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ غربت اور پسماندگی کے باعث مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسی حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے جس کے تحت اقتصادی طور پر لوگوں کو با اختیار بنایا جائے اور غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نیٹ ورک کو دور دراز علاقوں تک پھیلانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کمیٹی کو بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت معاشرے کے پسماندہ طبقات کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے تاکہ ان کا سماجی و اقتصادی طرز زندگی بہتر ہو سکے اور خاص طور پر خواتین کو با اختیار بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ 180 ارب روپے ہے اور مختلف طریقوں کے ذریعے غریب لوگوں کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے جس میں غیر مشروط نقد ٹرانسفر کے تحت 5 ہزار روپے ہر تین ماہ بعد دیئے جاتے ہیں جس سے لاکھوں افراد مستفید ہوتے ہیں۔ حکام نے وزیراعظم کے اعلان کردہ احساس پروگرام کے بارے میں بھی کمیٹی کو تفصیل سے آگاہ کیا۔

کمیٹی اراکین نے کہا کہ غربت اور عدم مساوات سماجی ترقی کی راہ میں رکاٹ ہے اور ان مسائل پر قابو پانے کیلئے مؤثر اور قابل عمل منصوبوں کی ضرورت ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں ادارے کی خالی آسامیوں کو پر کیا جائے تاکہ نچلی سطح پر ادارے کا عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ ہو اور حقائق پر مبنی اعداد و شمار اکٹھے کرنے میں آسانی ہو اور کوئی بھی غریب اور پسماندہ شخص بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں سے محروم نہ رہے ۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز نگہت مرزا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ، انجینئر رخسانہ زبیری، روبینہ خالد اور مرزا محمد آفریدی کے علاوہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں