ای کامرس پالیسی ایس ایم ایز کی ترقی پر خصوصی توجہ دے گی، عائشہ حمیرا موریانی

ایس ایم ایز ای کامرس پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہوئے آن لائن گلوبل مارکیٹ میں تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کریں، جائنٹ سیکرٹری وزارت تجارت وٹیکسٹائل ای کامرس کے فروغ کیلئے انٹرنیشنل پیمنٹ گیٹ ویز کی دستیابی یقینی بنائی جائے،محمد احمد وحید

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کی جوائنٹ سیکرٹری عائشہ حمیرا موریانی نے کہا کہ پاکستان کی ای کامرس پالیسی ایس ایم ایز کی ترقی اور فروغ پر خصوصی توجہ دے گی تا کہ پاکستان علاقائی اور گلوبل ڈیجیٹل اکانومی میں فعال کردار ادا کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ای کامرس پالیسی آف پاکستان پر منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کے اشتراک سے کیا تا کہ تاجر برادری کو پالیسی کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کی جائے۔

عائشہ حمیرا موریانی نے کہا کہ ای کامرس اس وقت دنیا میں تیزی سے پزیرائی حاصل کر رہی ہے کیونکہ 2018میں چین کی ای کامرس سیلز 1526ارب ڈالر، امریکہ کی 526ارب ڈالر، برطانیہ کی 124ارب ڈالر، جاپان کی 109ارب ڈالر، جنوبی کوریا کی 78ارب ڈالر، جرمنی کی 73ارب ڈالر، فرانس کی 58ارب ڈالر اور کینیڈا کی 44ارب ڈالر تھیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ 2018میں پاکستان کی ای کامرس سیلز بڑھ کر 40.1ارب روپے تک پہنچ گئی تھیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے کاروبار ی ادار ے ڈیجیٹل سیلز پر توجہ دے کر بہتر ترقی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ای کامرس پالیسی چھوٹے کاروباری اداروں اور برآمدات کو بہتر فروغ دے گی، بہت سے نوجوانوں روزگار فراہم کرے گی اور خاص طور پر دور دراز علاقوں کے نوجوانوں اور خواتین کیلئے کاروبار کے میدان میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی ۔ انہوںنے ایس ایم ایز پر زور دیا کہ وہ ای کامرس پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہوئے آن لائن گلوبل مارکیٹ میں تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر شارون رشید نے ای کامرس کی ترقی میں سٹیٹ بینک کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوںنے کہا کہ سٹیٹ بینک قومی سطح پر مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کیلئے کام کی رفتار تیز کرے گا اور ای کامرس کا کاروبار کرنے والوں کو انٹرنیشنل پیمنٹ گیٹ ویز تک آسان رسائی فراہم کرے گا تاکہ ان کو لین دین میں آسانی ہو۔ ایف بی آر کے چیف کسٹم ایکسپورٹ اقبال منیر نے ای کامرس کے فروغ کیلئے ایف بی آر کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوںنے کہا کہ کسٹم نظام کو ای کامرس کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ ڈیجیٹل اکانومی کو بہتر فروغ حاصل ہو۔ انہوںنے کہا کہ تاجر برادری ای کامرس سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کرے تاکہ ان کا بہتر حل نکالا جائے۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ سائبر سیکورٹی ایشوز کی وجہ سے لوگ آن لائن سودے کرنے پر زیادہ اعتماد نہیںکرتے لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ ای کامرس کے فروغ کیلئے ایسے مسائل کا بہتر حل نکالا جائے۔

انہوںنے کہا کہ ای کامرس پالیسی کے بارے میں ایس ایم ایز، ایکسپورٹرز اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے جس سے ای پلیٹ فارمز کا استعمال بڑھے گا اور ڈیجیٹل اکانومی فروغ پائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ای کامرس کے فروغ کیلئے انٹرنیشنل پیمنٹ گیٹ ویز کی آسان دستیابی بنیادی شرط ہے لہذا حکومت اس طرف زیادہ توجہ دے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے ای کامرس کی راہ میں حائل مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت ان کو فوری حل کرنے پر توجہ دے تا کہ پاکستان میں ای کامرس تیزی سے فروغ پائے۔ خالد چوہدری، احسن ظفر بختاوری، میاں شیراز مسعود اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ای کامرس کی کامیابی کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں