طاغوتی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے اسوہِ محمد و آل محمد بہترین نمونہ عمل ہے۔سیدہ عین البتول مشہدی

,سیرتِ مختار دہشت گردی سے نجات کیلئے دنیائے مظلومین کا محکم ترین ہتھیار ہے ۔مرکزی امام بارگاہ جامعة المرتضیٰ میں محفل سے خطاب

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 دسمبر2019ء) انجمن دختران اسلام ، ام البنین ڈبلیوایف،گرلزگائیڈاورسکینہ جنریشن کے زیراہتمام قیام مختارکی مناسبت سے یوم ثاراة الحسین ؑ کی محفل برائے خواتین مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضیٰ جی نائن فوراسلام آبادمیں منعقدہوء جس میں کثیرتعدادمیں خواتین نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ذاکرہ سیدہ عین البتول مشہدی نے کہاکہ قرآ ن وہ سرچشمہ رشد و ہدایت ہے جسے انسانیت کی فلاح و نجات کیلئے نازل کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہر خشک و تر پر محیط اس کتاب خدا وندی کا سرعام انکار ہونے لگا تو وارثین قرآن میدان میں آگئے اور منکرین وحی و الہام گستاخان دین اسلام کو وہ منہ توڑ جواب دیا جو تاابد پیغام اسلام و قرآن کی ضمانت بن گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کردار مختار کو اپنا کر عالمی استعمار و استکبار کو شکست فاش سے دوچار کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت مختار ثقفی کی پاکیزہ سیرت عالمی استعمار سے بچائو کیلئے دنیائے مظلومین کا محکم ترین ہتھیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدا وندِ عالم نے دشمنانِ دین وشریعت کی ہلاکت کا جو وعدہ کیا ہے اسکی تکمیل کیلئے حضرت مختار ؒ میدانِ عمل میں کود پڑے۔ذاکرہ شہربانونقوی نے کہاکہ آمریت کی گھٹن میں انسانوں کو حریت و آزادی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حسینیت بہترین عملی شعار ہے۔انہوں نے کہا کہ حسین ؑ ابن علی ؑنے اپنی بے مثال قربانیوں سے توحید ورسالت کی لاج رکھ لی ۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا میں دختران و کنیزانِ فاطمہ ؑ نے اپنے پیاروںکو اسلام پر قربان کرکے رہتی دنیا تک طبقہ نسواں کیلئے ایثاروقربانی کی اعلیٰ مثال قائم کردی جس کی عملی پیروی کرکے خواتین دین کی راہ میں قربانیوں کے مراحل میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طاغوتی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے اسوہِ محمد و آل محمد بہترین اور مکمل نمونہ د*عمل ہے۔محفل سے ذاکرہ طاہرہ نگہت سلطانہ اوردیگرذاکرات نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں