بنی گالہ میں غیر قانونی عمارتوں کو ریگولرائز کرنے کا سارا عمل قانون کے مطابق مکمل کیا جائے

سپریم کورٹ ،راول ڈیم میں جانے والے پانی اور سیوریج کے نظام سے متعلق رپورٹ طلب

جمعرات 12 دسمبر 2019 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) سپریم کورٹ نے بنی گالہ میںغیرقانونی تعمیرات اورتجاوزات سے متعلق کیس میںراول ڈیم میں جانے والے پانی اور سیوریج کے نظام سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کرد ی ہے اورسی ڈی اے کوہدایت کی ہے کہ بنی گالہ میں غیر قانونی عمارتوں کو ریگولرائز کیا جائے اور ریگولرائزیشن کے حوالے سے قانون کے مطابق سارا عمل مکمل کیا جائے کہیں ایسا نہ ہو کہ کہ بنی گالہ میں بھی چک شہزاد والا حال ہو جائے، نالہ کورنگ میں جانے والا پانی صاف رکھنے اورماحول کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں،جمعرات کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ا س موقع پر سی ڈی اے ممبرپلاننگ نے عدالت میں پیش ہوکربتایاکہ سی ڈی اے نے تین سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس پر کام شروع کردیا ہے ، جن پر4ارب روپے کی لاگت آئیگی، اس کے ساتھ بنی گالہ میں انٹرنل سیوریج نیٹ ورک بھی بنا یاجارہے ہیں،جس کا مقصد بنی گالہ کی سیوریج کو تینوں سیوریج پلاٹنس کی طرف لے جانا ہے۔

(جاری ہے)

جس سے علاقہ میں ماحولیاتی آلودگی پرقابو پانے میں مدد ملے گی ، سماعت کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے سی ڈی اے کے افسران سے کہاکہ بنی گالہ میں موجود غیرقانونی عمارتوں کوریگولرائز کیا جائے اور ریگولرائزیش کا عمل قانون کے مطابق مکمل کیاجائے اس کے ساتھ عدالت کو بتایا جائے کہ اس وقت راول ڈیم میںکتنا پانی جارہا ہے، اس علاقہ میں اندرونی سیوریج کا نظام کب تک مکمل ہوجائیگا، اور کیابنی گالہ زون تین میں آتا ہے۔

جس پر ممبر پلاننگ نے بتایاکہ بنی گالہ زون نمبر 4میں آتا ہے ، تاہم اسلام آباد کے ماسٹر پلان پرنظرثانی کرنے میں مذید چھ سے 8ماہ لگیں گے اس ضمن میں بین الاقوامی کنسلٹنٹ ہائرکئے جارہے ہیں، اور اس معاملے میںوزرات منصوبہ بندی سے رائے لینے کے ساتھ عدالتی احکامات کو بھی مدنظررکھا جارہا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ ماحولیات کی بہتری کیلئے سی ڈی اے کو رین ہاروسٹنگ سپٹک ٹنکس کو فروغ دینا چاہیے اب تو دیہاتوں میں بھی لوگ سپٹک ٹنک بناررہے ہیں جس سے بہت سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے مذید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں