آصف علی زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت دینا خوش آئند ہے،اسفندیارولی خان

ملک کیلئے آصف علی زرداری کی خدمات سے انکار ممکن نہیں، سیاسی قیادت کو جیلوں میں رکھنا پرانی روایت ہے،جیل انکے لئے دوسرا گھر ہوتا ہے،احتساب کے نام پر جاری سیاسی انتقام کے ماحول میں ایسا فیصلہ امید کی کرن ہے،انتقامی بنیادوں پر کسی کو جیل بھیجناصحت کیساتھ کھلواڑ ناقابل برداشت ہے،آصف علی زرداری کی بہتر صحت کیلئے دعاگو ہیں،اے این پی سربراہ کا پیغام

جمعرات 12 دسمبر 2019 23:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے عدالت کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے فیصلے گھٹن کے اس ماحول میں امید کی کرن ثابت ہوسکتی ہیں۔ عدالت کا فیصلہ اچھی روایت ہے جس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں، اس ملک کیلئے آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی قائدین کی قربانیاں و خدمات کسی سی ڈھکی چھپی نہیں اور اس سے انکار ممک نہیں۔

(جاری ہے)

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ نے سابق صدر کی صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ انکی بہتر صحت کیلئے دعا گو ہیں کیونکہ انہیں صحت سے متعلق کئی مسائل درپیش ہیں اور انکی جماعت کی جانب سے بار بار ذاتی معالج کا مطالبہ ہوتا رہا لیکن حکومتی غیرسنجیدگی کی وجہ سے معاملات پیچیدہ ہوتے چلے جارہے تھے۔ ایسے حالات میں عدالت کی جانب سے کیا گیا فیصلہ انتہائی مثبت اقدام ہے۔ سیاسی قیادت کو جیلوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔یہ پرانی روایت ہے کیونکہ ایک جمہوری سیاسی کارکن کیلئے جیل ان کا دوسرا گھر ہوتا ہے۔ ،لیکن انتقامی بنیادوں پر جیل بھیجنا اور جیل ہی میں کسی کی صحت کے ساتھ کھلواڑ ناقابل برداشت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں