پاکستان اور کینیا کو مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے، سلیم مانڈوی والا

جمعہ 13 دسمبر 2019 22:56

پاکستان اور کینیا کو مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے، سلیم مانڈوی والا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیا کو مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی رابطوں میں مزید اضافہ کیا جائے، پاکستان کینیا کو ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور مختلف شعبوں میں کینیا کے ساتھ دوطرفہ تعاون میں اضافہ کا خواہشمند ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے جمعہ کو پاکستان میں کینیا کے ہائی کمشنر پروفیسر جیولس کیبٹ بٹوک نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے پارلیمانی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کے رابطوں میں اضافہ کے لئے وفود کے تبادلہ کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کینیا کے سپیکر سینیٹ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ کینیا کے ہائی کمشنر نے سلیم مانڈوی والا کو بتایا کہ کینیا کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراک کار کو بھی بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کینیا سے چائے درآمد کرنے والا ایک بڑا ملک ہے تاہم مختلف شعبوں میں مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ کینیا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیا کی قیادت دونوں ممالک کے تعلقات میں اضافہ کی خواہشمند ہے اور وہ پاکستان اور کینیا کے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں