وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے یورپی یونین کی سفیر اندرولہ کمینارا کی ملاقات

باہمی امور سمیت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اور دیگر امور زیر بحث آئے، ایف اے ٹی ایف سے متعلق پاکستان کے معاملات میں بہتری کی امید ہے، پاکستانی قوم اور حکومت نے نہایت ذمہ دارانہ کردار نبھاتے ہوئے مثبت سمت میں کارکردگی دکھائی ہے، یورپین یونین سفیر

جمعہ 13 دسمبر 2019 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے یورپی یونین کی سفیر اندرولہ کمینارا نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی امور سمیت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف) اور دیگر امور کو زیر بحث لایا گیا۔ ایف اے ٹی ایف سے متعلق یورپین یونین کی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی ایف اے ٹی ایف سے متعلق معاملات میں بہتری کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت نے نہایت ذمہ دارانہ کردار نبھاتے ہوئے مثبت سمت میں کارکردگی دکھائی ہے۔ سکیورٹی صورتحال میں بحالی پر انہوں نے وزارت داخلہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترقی کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم اس حوالہ سے آگہی کی فراہمی اور مزید بہتری کیلئے سیمینار کے انعقاد کے خواہشمند ہیں۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا وزیر داخلہ اعجازاحمد شاہ نے خیرمقدم کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرامز کا منقعد ہونا نہایت کارآمد ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے درپیش مسائل کے خاتمہ کیلئے بالکل درست سمت میں آگے بڑھ رہا یے اور وقت کے ساتھ ساتھ چیزوں میں واضح حد تک بہتری آ رہی ہے۔ یورپین یونین اور پاکستان کے تعلقات کے معاملہ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے سفیر کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ باہمی امور میں تعاون کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی جس کا سفیر اندرولہ کمینارا نے خیرمقدم کیا۔

ملکی معاشی صورتحال کے حوالہ سے گفتگو کے دوران وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ اب معاشی صورتحال کی صورت میں مثبت بہتری واضح ہے۔ اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ بالکل پاکستان کے حالات میں بہتری آئی ہے اور امید ہے کہ یہ بہتری ایسے ہی آگے جائے گی۔ ویزہ اور بیرون ملک سفر کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجازشاہ نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے لوگوں کا مسئلہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بہت سے ممالک اس مسئلہ کا شکار ہیں، جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے ہم اپنے طور پر اس مسئلہ کے حل کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کر رہے ہیں جس پر ای یو کی سفیر نے اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ باہمی امور اور ترقیاتی لائحہ عمل کیلئے یکجا ہو کر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں